انقرہ : ترکیہ میں ایک ہفتہ کے دوران داعش کے 100سے زائد ارکان کو گرفتار کر لیا گیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق ترکیہ میں دہشت گرد تنظیم کے کے ارکان کو گرفتار کرنے کی مہم جاری ہے۔ ترکیہ کو داعش کی طرف سے 2017 ء سے حملوں کا نشانہ بنایا جارہاہے۔ داعش نے 2017 ء میں ایک نائٹ کلب پر حملہ کیا تھا، جس میں درجنوں افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ترکیہ کے وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ دہشت گردوں کے خلاف حالیہ مہم پورے ملک پر محیط رہی ہے۔ دارالحکومت انقرہ کے علاوہ ترکیہ کے سب سے بڑے شہر استنبول میں بھی چھاپے مارے گئے ہیں۔ رواں ماہ کے دوران 119 مشتبہ افراد کو مختلف مقامات پر چھاپوں میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ان میں سے 99 کو اگست کے شروع میں حراست میں لیا گیا تھا۔ واضح رہے 2019 ء میں جب سے داعش کی قائم کردہ خلافت کا خاتمہ ہوا ہے اس کے کئی مشتبہ ارکان کی ایک بڑی تعداد ترکیہ میں مقیم ہونے کی کوشش میں رہی ہے۔ ترکیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ 2023 ء سے اب تک اس گروپ سے وابستہ 3ہزار 600 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔