دستورِ ہند کو بچانے کیلئے ہر ممکن جدوجہد جاری رکھی جائے گی: تیجسوی یادو

   

آر ایس ایس اور بی جے پی پر عوام کو تقسیم کرنے کا الزام ، حیدرآباد میں جلسہ سے خطاب
حیدرآباد، 4 نومبر ]سیاست نیوز[راشٹریہ جنتا دل کے سربراہ اور بہار کے سابق ڈپٹی چیف منسٹر تیجسوی یادو نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی اور آر ایس ایس دستوری اداروں کا غلط استعمال کرتے ہوئے جمہوری نظام کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔ آج این ٹی آر اسٹیڈیم میں منعقدہ صدر سمیلن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ تیجسوی یادو نے الیکشن کمیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ووٹ چوری کے معاملے میں مرکزی حکومت کی مکمل تائید کر رہی ہے جس کی ہم سخت مذمت کرتے ہیں۔ انڈیا اتحاد کی جماعتوں نے اس کا ہمیشہ جم کر مقابلہ کیا ہے اور اپنی جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے۔تیجسوی یادو نے اس بات پر زور دیا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی دستور ہند کو ختم کرنا اور جمہوریت کو کچلنا چاہتی ہے لیکن ملک کی عوام اور سیکولر طاقتیں ان کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب ہونے نہیں دیں گے اور دستور ہند کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی جو ملک کے سماج اور عوام کو آپس میں بانٹنے کی کوشش کر رہی ہیں انہیں عوام سبق سکھائیں گے اور ہماری جانب سے انہیں زمین میں دفن کر دیا جائے گا۔ یہ دونوں جماعتیں مذہبی جذبات کا استحصال کرتے ہوئے معاشرے کو تقسیم کر رہی ہیں۔تیجسوی یادو نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اتر پردیش کے انتخابات کے پیش نظر آر ایس ایس اور بی جے پی مذہب اور ذات پات کے نام پر عوام کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ اس کے بعد اب بھگوانوں کو بھی تقسیم کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کے اشارے پر ٹھگیشور شاستری نے بھگوان کے درمیان فرق پیدا کرنا شروع کر دیا ہے اور ان کے خلاف متنازعہ ریمارکس کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بھگوان شری کرشنا کے بارے میں متنازعہ ریمارکس کیے ہیں جو ہرگز ناقابل قبول نہیں ہیں۔ تیجسوی یادو نے کہا کہ بی جے پی عوامی اعتماد سے محروم ہو چکی ہے اور اقتدار میں بنے رہنے کے لیے اب ایسے ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں جن کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔-2