دسویں اور انٹر کے امتحانات قبل از وقت منعقد کرنے کی تیاریاں

   

لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر تجویز ۔ حکومت کی منظوری کے بعد شیڈول کی اجرائی ہوگی

حیدرآباد : /19 ڈسمبر (سیاست نیوز) پارلیمنٹ انتخابات کے پیش نظر عہدیداروں کی جانب سے گزشتہ سال کے بہ نسبت 15 دن قبل دسویں جماعت اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات منعقد کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ اس مرتبہ انٹر امتحانات کیلئے تین تاریخوں /28 فبروری ۔ یکم مارچ اور /4 مارچ کی تجویز تیار کرتے ہوئے حکومت کو پیش کی گئی ہیں ۔ اس کے 15 دن بعد دسویں جماعت کا سالانہ امتحان منعقد کرنے کا شیڈول تیار کیا گیا ہے ۔ تیار کردہ شیڈول کے مطابق انٹر اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات /25 مارچ تک مکمل ہوجائیں گے۔ پارلیمنٹ کے انتخابات مارچ کے اواخر یا اپریل کے پہلے ہفتہ میں منعقد ہونے پر سالانہ امتحانات پر اس کا کوئی اثر نہیں پڑے گا ۔ گزشتہ سال انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کا /15 مارچ کو آغاز ہوا اور /4 اپریل تک امتحانات جاری رہے ۔ /6 اپریل کو دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کا آغاز ہوا تھا ۔ عہدیدار اس سال 7 پیپرس پر مشتمل دسویں جماعت کے امتحانات کا انعقاد کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہے ہیں ۔ گزشتہ سال 6 پیپرس کے ساتھ دسویں جماعت کے امتحانات کا انعقاد کیا گیا تھا ۔ لیکن سائینس کے امتحان کے حصے کے طور پر فزکس اور بیالوجی کیلئے الگ الگ سوالیہ پرچے تیار کئے گئے تھے ۔ تاہم اس وقت طلبہ نے ایک ہی دن پیپر I اور پیپر II کے دو امتحانات تحریر کئے تھے ۔ لیکن اس مرتبہ فزکس اور بیالوجی پرچوں کے امتحانات الگ الگ دنوں میں منعقد کرنے کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے ۔ اس سلسلہ میں بھی حکومت کو تجاویز روانہ کی گئی ہیں ۔ اگر امتحان مختلف دنوں میں منعقد کیا جائے تو بھی دونوں پرچوں میں حاصل کردہ نشانات ایک ہی مضمون (سائنس) ہوں گے ۔ن