دفاعی شعبہ میں ہندوستان کی ترقی میں مدھانی کا اہم رول

   

سائینسدانوں کو مزید تحقیق کا مشورہ، گورنر نے دفاعی آلات کا مشاہدہ کیا

حیدرآباد۔/19 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے کہا کہ ملک کو دفاعی شعبہ میں خود مکتفی بنانے میں مدھانی اہم رول ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان دفاعی آلات کی تیاری اور دیگر فوجی اشیاء کی تیاری میں خود انحصاری کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہا ہے۔ گورنر دفاعی ادارہ مدھانی میں ایک نمائش کا افتتاح کررہی تھیں جو آزادی کا امرت مہاتسو تقاریب کے ضمن میں منعقد کی گئی تھی۔ مدھانی نے دفاعی شعبہ کیلئے تیار کردہ اپنے پراڈکٹس کو نمائش کیلئے پیش کیا ہے۔ گورنر نے مدھانی کے رول کی ستائش کی اور کہا کہ ہندوستان کی دفاعی شعبہ میں ترقی میں مدھانی کا رول اہمیت کا حامل رہے گا۔ انہوں نے دفاعی شعبہ میں استعمال کئے جانے والے مختلف اقسام کی میٹلس اور دیگر آلات کا مشاہدہ کیا۔ گورنر نے بائیو میڈیکل پلانٹس کی تیاری اور اسے رعایتی شرح پر سربراہی کی ستائش کی۔ انہوں نے مدھانی کے ذمہ داروں کو مشورہ دیا کہ وہ مزید اختراعی اقدامات کریں تاکہ ہندوستان کا دفاعی شعبہ عصری اور مستحکم ہو۔ مدھانی کی جانب سے خلائی، تحقیق، ڈیفنس اور انرجی شعبوں میں آلات کے ذریعہ تعاون کیا گیا۔ جی ایس ایل وی، پی ایس ایل وی، چندرائن، منگلیان، گگنیان جیسے سٹیلائیٹس کی تیاری کے علاوہ جنگی طیاروں، کاویری انجن اور اڈوانس الٹرا سوپر کریٹیکل پروگرام میں مدھانی کے رول کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ مدھانی کے صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر ڈاکٹر ایس کے جھا اور دوسروں نے گورنر کو مدھانی کی اختراعی صلاحیتوں اور پراڈکٹس سے واقف کرایا۔ر