دلت کی پٹائی، پیشاب پینے پر مجبور کیا گیا پنجاب کے واقعہ میں ظلم کا شکار شخص فوت

   

چنڈی گڑھ ، 16 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک 37 سالہ دلت شخص جسے بے رحمی سے مارا پیٹا گیااور پیشاب پینے پر مجبور کیا گیا، وہ یہاں کے ایک اسپتال میں آج صبح زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ پولیس نے کہا کہ پنجاب کے ضلع سنگرور میں یہ واقعہ جاریہ ماہ کے اوائل پیش آیا تھا اور تب سے مظلوم شخص زیرعلاج تھا۔ اپوزیشن پارٹیوں نے ریاست میں دلتوں کے ساتھ ’’ظالمانہ رویہ‘‘ پر کانگریس زیرقیادت پنجاب حکومت کو لفظی حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔ سنگرور سینئر ایس پی سندیپ گرگ نے کہا کہ ڈاکٹروں نے انفکشن کے باعث مظلوم کے پیر کاٹ دیئے تھے۔ 21 اکٹوبر کو اس شخص کا جو موضع چنگلی والا کا ساکن تھا، ایک نوجوان رنکو اور بعض دیگر افراد کے ساتھ کسی مسئلہ پر جھگڑا ہوا تھا۔ یہ معاملہ دیہاتیوں کی مداخلت کے ساتھ حل کردیا گیا تھا۔ لیکن بعد میں رنکو اور اس کے ساتھیوں نے اپنی خصومت بے رحمانہ انداز میں نکالی۔