دوبئی و امریکہ کا سفر کرنے والوں پر محکمہ انکم ٹیکس کی نظر ؟

   

خصوصی ایپ کے ذریعہ ہندوستانی مسافرین کی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں
حیدرآباد۔ 13 جنوری (سیاست نیوز) محکمہ انکم ٹیکس کی جانب سے بیرون ممالک بالخصوص دوبئی اور امریکہ جانے والے ہندوستانیوں پر خصوصی نظر رکھی جارہی ہے۔ اڈوانسڈ پیاسنجر انفارمیشن بیورو (اے پی آئی بی) کے ذریعہ انٹلیجنس حکام ’’اَتتی‘‘ ایپ سے محکمہ کسٹمز اور ڈی آر آئی عہدیدار اس معاملے پر متحرک ہوچکے ہیں۔ آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ایرلائینز کمپنیوں کو ایک سرکلر جاری کرتے ہوئے فضائی سفر کرنے والے ہندوستانیوں کے بارے میں تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ بیرون ممالک کا سفر کرنے والے زیادہ تر ہندوستانی ٹیکس دہندہ ہوتے ہیں، لیکن بعض افراد انکم ٹیکس ادا کئے بغیر ہی سفر کرنے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں فلائیٹ ٹکٹ سے متعلق پی این آر نمبر، کتنے لوگ سفر کررہے ہیں؟ کیا ان کے ساتھ دوست یا رشتہ دار بھی جارہے ہیں ، ٹکٹ کتنے کا خریدا گیا ہے؟ اور کس طرح ٹکٹ خریدا گیا، بیاگیج کا وزن کتنا ہے؟ سفر کے دوران کیا کیا کھایا (چائے ، ویج ، نان ویج، شراب) اس کی تفصیلات درج کرنے انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے خصوصی سافٹ ویر تیار کیا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ محکمہ انکم ٹیکس کے عہدیداروں کی جانب سے ایرلائینز کمپنیوں سے مسافرین کی شخصی سفری تفصیلات میں نام، تاریخ پیدائش ، پاسپورٹ نمبر، موبائل فون نمبر، ای۔ میل آئی ڈی ، ٹکٹ خریدنے کی تاریخ، ٹکٹ خریدنے کیلئے استعمال کیا جانے والے کریڈٹ نمبر کی تفصیلات حاصل کی جارہی ہے۔ ان تفصیلات کو سی بی ڈی ٹی روانہ کرتے ہوئے آئی ٹی زون سنٹرل انویسٹی گیشن یونٹ (سی آئی یو) کو روانہ کیا جارہا ہے۔ سی بی ڈی ٹی کی جانب سے اے آئی کے ذریعہ ٹیکس دھوکہ دہی، جی ایس ٹی کی عدم ادائیگی کا تفصیلی جائزہ لیا جارہا ہے۔ 2