دوباک اسمبلی حلقہ ضمنی انتخاب کیلئے کوویڈ کے نئے رہنمایانہ خطوط

   

روڈ شو کے لیے صرف 5 گاڑیاں ، سویدھا ایپ کے ذریعہ جلسوں کی اجازت حاصل کی جائے ، سماجی فاصلہ پر عمل آوری ضروری
حیدرآباد :۔ کورونا وباء کے پیش نظر دوباک اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب کے لیے الیکشن کمیشن نے نئے رہنمایانہ خطوط جاری کرتے ہوئے اس پر سختی سے عمل آوری کرنے کی سیاسی جماعتوں اور سرکاری عہدیداروں کو احکامات جاری کئے ۔ خلاف ورمی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا انتباہ دیا ۔ سیاسی جماعتوں کے روڈ شو کے لیے پہلے 10 گاڑیاں استعمال کرنے کی اجازت تھی اب اس کو گھٹا کر 5 گاڑیوں تک محدود کردیا گیا ہے ۔ سماجی فاصلہ برقرار رکھنے ، فیس ماسک لگانے ، پی پی ای کٹس اور سنیٹائیزرس کے استعمال کو لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ انتخابی اجلاس کے لیے استعمال کیے جانے والے ہالس بڑے ہونے وہاں سنیٹائیزرس ، صابن اور پانی کو دستیاب رکھنے کی ہدایت کے ساتھ احکامات جاری کئے گئے ۔ کوویڈ کے رہنمایانہ خطوط کی بنیاد پر جلسے ، ریالیاں منظم کی جائیں ، ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر سے جلسوں کی اجازت حاصل کی جائے ۔ اس کے لیے پہلے جلسہ کے مقام گاہ ، گراونڈ ، اس میں داخل ہونے اور باہر نکلنے کے راستوں کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں ۔ عوام کے شرکت کی تعداد پہلے ہی بتادی جائے ۔ الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق سویدھا ایپ کا استعمال کرتے ہوئے جلسوں کی اجازت حاصل کی جائے ۔ پولنگ مراکز پر امیدوار سیل فونس نہ لائیں اور نہ ہی تصویر کشی کی کوشش کریں ۔ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کیلئے امیدوار کے ساتھ صرف دو افراد کو ریٹرننگ آفیسر کے آفس جانے اور صرف 2 گاڑیاں استعمال کرنے کی اجازت رہے گی ۔ ابھی تک صرف انتخابی ڈیوٹی پر متعین سرکاری عملہ کو پوسٹل بیالٹ ووٹ دینے کی اجازت تھی اب معذورین ، 80 سے زائد عمر والوں ، ایمرجنسی خدمات سے وابستہ عملہ ، کورونا سے متاثرین ، کورنٹائن میں رہنے والوں کو بھی پوسٹل بیالٹ کے ذریعہ ووٹ دینے کا اختیار دیا جارہا ہے ۔۔