نئی دہلی: مویشی پروری، ڈیری اور ماہی پروری کے وزیر مملکت سنجیو کمار بالیان نے آج کہا کہ لگاتار مویشی پروری کی لاگت بڑھ رہی ہے اور اس تناسب میں دودھ کی قیمت بھی بڑھنی چاہئے۔ ورلڈ ڈیری کانفرنس کے بارے میں معلومات دینے کے لیے منعقد کی گئی پریس کانفرنس میں ایک سوال کے جواب میں مسٹر بالیان نے کہا کہ مویشی پالنے کی لاگت مسلسل بڑھ رہی ہے ، اسی تناسب سے دودھ کی قیمت میں بھی اضافہ ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ مویشی پالنے کے لیے ضروری مصنوعات سے بھی کسان ہی جڑ ے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دودھ کی پیداوار میں ہندوستان دنیا میں پہلے نمبر پر ہے لیکن دنیا کے مقابلے فی دودھ دینے والے جانورکے دودھ کی پیداوار بہت کم ہے ۔ جانوروں کی نسل کو بہتر بنا کر دودھ کی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے اور اس سے پیداواری لاگت بھی کم ہو سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تقریباً ساڑھے آٹھ کروڑ خاندان مویشی پروری سے وابستہ ہیں۔