سرینگر، 15اکتوبر (یو این آئی) پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے نیٹ ورک کو ختم کرنے اور غیر قانونی سرگرمیوں پر قابو پانے کیلئے مسلسل کوششوں کے تحت سری نگر پولیس نے غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کے تحت جاری مقدموں کی تحقیقات کے سلسلے میں شہر کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر چھاپے مارے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ چھاپہ مارکارروائیاں ان دہشت گرد معاونین اور اوور گرائونڈ ورکرز کے گھروں پر انجام دی گئیں۔
جو کالعدم دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ وابستہ ہیں۔ ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ یہ کارروائیاں یو اے پی اے کے تحت جاری تحقیقات کے سلسلے میں انجام دی گئیں۔ انہوں نے کہا: ‘ہم آہنگی کے ساتھ کی جانے والی ان تلاشی کارروائیوں کا مقصد ان افراد کو نشانہ بنانا ہے جو دہشت گردی سے متعلق سرگرمیوں میں سہولت کاری یا مدد فراہم کرنے میں ملوث ہیں’۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ تلاشی کارروائیاں 13 افراد کے گھروں پر انجام دی گئیں۔