دہشت گردی کی فنڈنگ کے سلسلہ میں چار افراد گرفتار

   

نیپال سے رقومات کی منتقلی اور مخالف ہند سرگرمیوں کیلئے استعمال کا الزام : یو پی پولیس کی کارروائی
لکھنو 11 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) اترپردیش پولیس نے چار افراد کو دہشت گردی کی فنڈنگ کے سلسلہ میں گرفتار کرلیا ہے ۔ اترپردیش کے ڈائرکٹر جنرل پولیس او پی سنگھ نے آج کہا کہ چار افراد کی امید علی ‘ سنجے اگروال ‘ سمیر سلمانی اور اعراج علی کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے اور انہیں جمعرات کی رات لکھیم پور سے گرفتار کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ اطلاع ملی تھی کہ کچھ لوگ نیپال سے رومات لا کر دہشت گردانہ سرگرمیوں کیلئے فنڈنگ میں ملوث ہیں۔ اس اطلاع کے ملنے پر ان چاروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے نامعلوم اماونٹ کی رقم بھی ضبط کرلی ہے جو ہندوستانی اور نیپالی کرنسی میں تھی ۔ اس کے علاوہ چاروں کے قبضہ سے کچھ موبائیل فونس بھی ضبط کئے گئے ہیں۔ تفتیش کے دوران انہوں نے کھیری اور بریلی سے تعلق رکھنے والے ممتاز ‘ فہیم ‘ سراج الدین اور صداقت علی کی شناخت کی ہے اور کہا کہ یہ ان کے ساتھی تھے اور ان کی ہدایت پر ہی یہ لوگ کمیشن حاصل کرتے ہوئے یہ کام کرتے تھے ۔ اپنے طریقہ کار کی وضاحت کرتے ہوئے چار گرفتار ملزمین نے پولیس کو بتایا کہ یہ لوگ دوسرے ممالک سے نیپال کے بینک اکاونٹس میں رقومات منتقل کرواتے تھے اور پانچ فیصد کمیشن اکاونٹ ہولڈر کو دیا جاتا تھا ۔ بعد ازاں یہ رقم بینک اکاونٹس سے نیپال میں نکالی جاتی اور ہندوستان لا کر ہندوستانی کرنسی میں تبدیل کیا جاتا تھا ۔ گرفتار ملزمین کو اس کام کیلئے چھ فیصد کمیشن حاصل ہوا کرتا تھا ۔ ملزمین نے پولیس کو بتایا کہ یہ لوگ فہیم اور صداقت کو اپنے کمیشن حاصل کرلینے کے بعد یہ رقومات حوالے کردیتے تھے ۔ اس کے بعد فہیم اور صداقت یہ رقومات دہلی منتقل کردیتے جہاں سے یہ مخالف ہند سرگرمیوں کیلئے استعمال کی جاتی تھی ۔ تحقیقات کے دوران یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ نیپال کے راشٹرا بینک کی دنک پور برانچ کو حال ہی میں ہیک کرلیا گیا تھا اور نیپالی کرنسی میں 49 لاکھ روپئے کی رقم ہندوستان لائی گئی تھی ۔ نیپالی پولیس نے اس سلسلہ میں ایک ایف آئی آر درج کرلیا تھا ۔