دہلی اسمبلی نتائج: ملکارجن کھرگے، راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کا رد عمل

   

نئی دہلی:دہلی اسمبلی انتخاب کے نتائج گذشتہ کے مقابل کانگریس کا ووٹ فیصد بڑھا ہے لیکن اس مرتبہ بھی پارٹی کے ہاتھ ایک بھی سیٹ نہیں لگی ہے۔ اس پر قائدین نے مایوسی کا اظہار ضرور کیا ہے لیکن ساتھ ہی یہ عزم بھی ظاہر کیا ہے کہ وہ عوامی مسائل کو اٹھاتے رہیں گے اور دہلی میں فضائی آلودگی و جمنا صفائی جیسے مسائل کا حل نکالنے کے لیے حکومت پر دباؤ بنائیں گے۔کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے نتائج پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے ہمیں امید کے مطابق مینڈیٹ نہیں دیا۔ ہم اس فیصلے کو قبول کرتے ہیں۔ لیکن پارٹی ترقی کے مسائل کو اٹھاتی رہے گی اور قائدین عوام سے جڑے رہیں گے۔ راہول گاندھی نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’دہلی کا مینڈیٹ ہم نرم دلی کے ساتھ قبول کرتے ہیں۔ ریاست کے سبھی کانگریس کارکنان کو ان کی محنت اور سبھی ووٹرس کو ان کی حمایت کیلئے دل سے شکریہ۔ راہول گاندھی نے بھی کانگریس صدر کھرگے کی طرح عوامی مسائل پر لگاتار آواز اٹھانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔پرینکا گاندھی نے بھی دہلی کے انتخابی نتائج پر اپنا رد عمل ظاہر کیا اور کہا کہ دہلی کے لوگوں نے اس مرتبہ تبدیلی کیلئے ووٹ کیا ہے۔ عآپ حکومت کے طریقہ کار سے دہلی کے باشندے تنگ آ گئے تھے۔دہلی اسمبلی نتائج کے بعد کانگریس کے حلقوںمیں مایوسی چھائی ہوئی ہے کیونکہ پارٹی کو ایک بھی سیٹ حاصل نہیں ہوئی ہے۔