نئی دہلی:5؍ نومبر ( محمد جاوید علی) تلنگانہ رکشنا سینا کی بانی و صدر کلواکنٹلہ کویتا نے آج دہلی یونیورسٹی کے ہندو کالج میں جاری احتجاج میں شرکت کی اور احتجاجی طلبہ کے ساتھ بھرپور یگانگت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کالج کی تاریخی وراثت، تعلیمی تشخص اور ادارہ کی روایات کے تحفظ کے لئے طلبہ کی جدوجہد کی حمایت کی۔ کلواکنٹلہ کویتا نے کہا کہ ہندو کالج گزشتہ لگ بھگ 130 برسوں سے تعلیمی معیار کی علامت رہا ہے۔ اس کی تاریخ اور شاندار وراثت کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’آپ آمر بن کر کالج پر حکمرانی نہیں کرسکتے۔ آپ کسی ادارہ کو مالی مدد فراہم کرسکتے ہیں لیکن اس ادارہ پر اپنی شناخت مسلط نہیں کرسکتے۔‘‘آخر میں کلواکنٹلہ کویتا نے طلبہ کے جائز مطالبات کی تکمیل تک ان کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔