نئی دہلی 22 مئی:(ایجنسیز) عیدالاضحی سے قبل دہلی حکومت اور پولیس انتظامیہ نے سکیورٹی اور قانون نافذ کرنے کے انتظامات سخت کرتے ہوئے اہم ہدایات جاری کی ہیں۔ دہلی حکومت کے وزیر کپل مشرا نے تہوار کے دوران جانوروں کے تحفظ سے متعلق قوانین پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت دی ہے۔وزیر نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر گائے، بچھڑا، اونٹ اور دیگر ممنوعہ جانوروں کی قربانی مکمل طور پر غیر قانونی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے معاملات میں ملوث افراد کے خلاف فوجداری مقدمات درج کیے جائیں گے۔کپل مشرا نے کہا کہ سڑکوں، گلیوں اور دیگر عوامی مقامات پر قربانی کی کسی کو اجازت نہیں ہوگی۔ صرف حکومت کی جانب سے مقرر کردہ قانونی مقامات پر ہی قربانی کی اجازت دی جائے گی۔ انہوں نے غیر قانونی جانوروں کی نقل و حمل، غیر قانونی قربانی اور جانوروں پر ظلم کے معاملات میں خصوصی نگرانی اور سخت کارروائی کی ہدایت دی۔دہلی حکومت کی جانب سے جاری رہنما خطوط میں کہا گیا ہے کہ محفوظ اور ممنوعہ جانوروں کی خرید و فروخت یا قربانی قانوناً جرم تصور کی جائے گی۔ متعلقہ حکام کو ایسے معاملات میں فوری ایف آئی آر درج کرکے قانونی کارروائی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔