دہلی میں کانگریس وارروم کے باہر عثمانیہ یونیورسٹی طلباء کا احتجاج

   

ٹکٹوں کے الاٹمنٹ میں انصاف کا مطالبہ، نوجوانوں کو زائد ٹکٹ دینے کی مانگ
حیدرآباد۔/8 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی ٹکٹ کیلئے عثمانیہ یونیورسٹی طلباء جے اے سی نے اپنی سرگرمیاں تیز کردی ہیں۔ نئی دہلی میں امیدواروں کے انتخاب کیلئے اسکریننگ کمیٹی کے اجلاس کے دوران عثمانیہ یونیورسٹی جے اے سی کے نمائندوں نے کانگریس وارروم کے روبرو احتجاج منظم کیا۔ انہوں نے عثمانیہ یونیورسٹی طلباء کو ٹکٹوں میں مناسب نمائندگی سے متعلق وعدہ کی تکمیل کی مانگ کی۔ عثمانیہ یونیورسٹی طلباء کے نمائندے پلے کارڈس تھامے ہوئے تھے جن پر راہول گاندھی سے انصاف کی اپیل کی گئی تھی۔ مختلف پلے کارڈس پر راہول گاندھی اور ریونت ریڈی کے ناموں کے ساتھ اپیل درج کی گئی تھی جس میں عثمانیہ یونیورسٹی طلباء سے انصاف اور تلنگانہ میں کانگریس کو بچانے کی اپیل کی گئی۔ واضح رہے کہ علحدہ تلنگانہ تحریک میں حصہ لینے والے عثمانیہ یونیورسٹی کے طلباء ٹکٹوں کی مانگ کررہے ہیں۔ راہول گاندھی نے مناسب نمائندگی کا تیقن دیا تھا۔ نئی دہلی میں اسکریننگ کمیٹی اجلاس کے موقع پر عثمانیہ یونیورسٹی جے اے سی نے کمیٹی کے نمائندوں کو یادداشت پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کے وعدہ کے مطابق نوجوانوں کو ٹکٹ الاٹ کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس میں سرگرم تلنگانہ کے طلباء قائدین اور تحریک میں حصہ لینے والے قائدین کو ٹکٹ دینے کی مانگ کرتے ہوئے خاموش احتجاج کیا گیا۔ واضح رہے کہ طلباء جے اے سی کے علاوہ کانگریس کے او بی سی قائدین بھی نئی دہلی پہنچ کر نمائندگی کررہے ہیں۔