اسکولوں کی تعمیر کیلئے 5 ہزار کروڑ کا بجٹ، بھٹی وکرامارکا اور پونم پربھاکر کا خطاب
حیدرآباد۔/18 اگسٹ، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا اور وزیر بہبودی پسماندہ طبقات پونم پربھاکر نے کہا کہ حکومت ذات پات پر مبنی مردم شماری کے انعقاد میں سنجیدہ ہے اور مردم شماری کی تکمیل کے بعد ہی مجالس مقامی کے انتخابات منعقد کئے جائیں گے۔ حکومت کی جانب سے سردار سروائے پاپنا گوڑ کی 374 ویں جینتی تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا اور ریاستی وزیر پونم پربھاکر نے کہا کہ حکومت ذات پات پر مبنی مردم شماری کی جلد تکمیل کی خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تاڑی تاسندوں کی بھلائی کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں۔ 2 لاکھ سے زائد تاڑی تاسندوں کیلئے سیفٹی کٹس کا انتظام کیا گیا۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ حکومت کمزور اور پسماندہ طبقات کی بھلائی کیلئے جامع منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سردار پاپنا نے زمینداروں کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے ان کا حق دلایا تھا۔ کانگریس کی عوامی حکومت اسی جذبہ کے تحت غریبوں اور کمزور طبقات کی بھلائی کے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے پاپنا کے جائے پیدائش کو سیاحتی مقام کے طور پر ترقی دینے کیلئے 4.7 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں۔ پاپنا کی زندگی پر مبنی بک لیٹ جاری کی گئی جو گاؤں گاؤں میں تقسیم کی جائے گی۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا زمیندار کے پاس مزدور کی حیثیت سے کام کرنے والے پاپنا نے ظلم کے خلاف آواز بلند کی اور زمینداری نظام کے خاتمہ میں اہم رول ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کمزور طبقات کے انٹیگریٹیڈ اسکولوں کی تعمیر کیلئے بجٹ میں 5 ہزار کروڑ مختص کئے گئے ہیں تاکہ غریبوں کو مفت اور معیاری تعلیم فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر اسمبلی حلقہ میں پسماندہ طبقات کے امیدواروں کو مسابقتی امتحانات کی مفت کوچنگ کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ ہر اسمبلی حلقہ میں امبیڈکر نالج سنٹر قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سردار پاپنا نے مغل حکمرانوں کے خلاف لڑائی میں حصہ لیا تھا۔ بھٹی وکرامارکا نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی جانب سے عوام کو سردار پاپنا جینتی کی مبارکباد پیش کی۔1