اس کے بعد ہی مقامی اداروں کے انتخابات کرانے کی کانگریس حکومت سے خواہش
حیدرآباد ۔ 7 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا نے وعدے کے مطابق فوری ذات پات کی مردم شماری کرنے کا کانگریس حکومت سے مطالبہ کیا ۔ ضلع وقار آباد میں بھارت جاگرتی کی جانب سے منعقدہ راونڈ ٹیبل کانفرنس میں مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ کویتا نے کہا کہ ذات پات کی مردم شماری ابھی سے شروع کی گئی تو آئندہ چھ ماہ میں اس کا عمل مکمل ہوگا ۔ مقامی اداروں میں بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات فراہم کرنے کے بعد ہی انتخابات کرانے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔ تحفظات کو 42 فیصد تک توسیع دینے پر تقریبا 24 ہزار بی سی عوامی نمائندے منتخب ہونے کا دعویٰ کیا ۔ کویتا نے کہا کہ برطانوی حکمرانی کے دوران آخری مرتبہ 1931 میں ذات پات کی مردم شماری کی گئی تب 4300 سے زائد بی سی طبقات ہونے کا پتہ چلا تاہم حکمران اب تک ملک میں صرف 2400 بی سی طبقات ہونے کا دعویٰ کررہے ہیں ۔ بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے انتخابات کے دوران بی سی فلاح و بہبود کے لیے ہر سال بجٹ میں 20 ہزار کروڑ اور 5 سال میں ایک لاکھ کروڑ روپئے بجٹ مختص کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ کانگریس حکومت اپنے اس وعدے پر عمل آوری کرے اور بجٹ میں 20 ہزار کروڑ روپئے مختص کرے۔۔2