راجستھان اور گجرات میں آج ایک اہم مقابلہ

   

نئی دہلی ،8 مئی (ایجنسیز) آئی پی ایل 2026 کے اہم مرحلے میں ہفتہ کو راجستھان رائلز اور گجرات ٹائٹنزکے درمیان ایک اہم مقابلہ کھیلا جائے گا۔ جے پور کے مشہور سوائی مان سنگھ اسٹیڈیم میں ہونے والا یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے بے حد اہمیت رکھتا ہے کیونکہ پلے آف کی دوڑ مزید دلچسپ ہوتی جا رہی ہے۔ 2008 کی چمپئن راجستھان رائلز اپنی گزشتہ شکست کو فراموش کرتے ہوئے کامیابی کی راہ پر واپس آنے کے ارادے سے میدان میں اترے گی۔ ٹیم کو اپنے پچھلے میچ میں دہلی کیپیٹلز کے ہاتھوں سات وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ راجستھان نے ٹورنمنٹ کا آغاز شاندار انداز میں کیا تھا اور ابتدائی پانچ میچوں میں چار فتوحات حاصل کی تھیں، تاہم بعد کے مقابلوں میں ٹیم کی کارکردگی میں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا۔ ریان پراگ کی قیادت میں ٹیم اس وقت دس میچوں میں12 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں چوتھے مقام پر موجود ہے۔ دوسری جانب گجرات ٹائٹنز شاندار فارم میں دکھائی دے رہی ہے۔ ٹیم نے مسلسل تین میچ جیت کر اپنے حوصلے بلند کر لیے ہیں۔ چنئی سوپرکنگس، رائل چیلنجرز بنگلورو اور پنجاب کنگس کے خلاف فتوحات کے بعد شبمن گل کی قیادت والی ٹیم پورے اعتماد کے ساتھ میدان میں اترے گی۔گجرات کے پاس یہ سنہری موقع ہوگا کہ وہ راجستھان کو شکست دے کر ٹاپ فور میں اپنی جگہ مضبوط کرے۔دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک آئی پی ایل میں نو مقابلے کھیلے جا چکے ہیں جن میں گجرات ٹائٹنزکو واضح برتری حاصل ہے۔ گجرات نے چھ میچ جیتے ہیں جبکہ راجستھان رائلز صرف تین مرتبہ کامیاب ہو سکی ہے۔ دونوں ٹیموں کی پہلی ٹکر 2022 میں ہوئی تھی جس میں گجرات نے کامیابی حاصل کی تھی، جبکہ رواں سیزن میں 4 اپریل 2026 کو کھیلے گئے میچ میں راجستھان نے فتح اپنے نام کی تھی۔ میچ ہفتہ 9 مئی کو شام 7:30 بجے شروع ہوگا۔ اس مقابلے کو اسٹار اسپورٹس نیٹ ورک پر براہِ راست نشرکیا جائے گا جبکہ جیو ہاٹ اسٹار پر اس کی لائیو اسٹریمنگ دستیاب ہوگی۔گجرات ٹائٹنز کے اسکواڈ میں شبمن گل، جوس بٹلر، راشد خان، گلین فلپس، واشنگٹن سندر، محمد سراج، کاگیسو ربادا اور راہول تیواتیا جیسے اہم کھلاڑی شامل ہیں۔ جبکہ راجستھان رائلز کی امیدیں نوجوان اوپنر سوریا ونشی ، یشسوی جیسوال، ریان پراگ، دھرو جوریل، شمرون ہیٹمائر، رویندر جڈیجا، جوفرا آرچر اور روی بشنوئی کی کارکردگی سے وابستہ ہوں گی۔