جے پور: چیف منسٹر راجستھان اشوک گہلوت نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت الور کی بچی کی زیادتی معاملہ کی تحقیقات سی بی آئی سے کرانے کیلئے تیار ہے ۔گہلوت نے کل رات سوشل میڈیا کے ذریعہ بی جے پی کی طرف سے اس معاملے میں لگائے گئے الزامات کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی پولیس اس معاملے کی آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کر رہی ہے ۔ اگر اب بھی بچی کے اہل خانہ اس معاملے کی جانچ کسی مخصوص عہدیدار یا سی آئی ڈی کرائم برانچ، ایس او جی یا سی بی آئی سے کروانا چاہتے ہیں تو ریاستی حکومت اس کیلئے بھی تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی نیت صاف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عصمت دری کی وجہ سے گھر والوں کے ساتھ کیا ہوتا ہے اس کی فکر کیے بغیر، الور کی بچی کے معاملے میں بی جے پی کی طرف سے اس طرح کا مکروہ پروپیگنڈہ کیا جا رہا جو انتہائی قابل مذمت ہے ۔