حیدرآباد : راجندر نگر علاقہ میں واقع ڈائری فارم کے قریب آج صبح اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب پولیس پٹرولنگ گاڑی کو سوٹ کیس میں پیاک نعش دستیاب ہوئی ۔ پولیس نے پی وی این آر ایکسپریس وے کے پلر نمبر 222 کے قریب ایک سوٹ کیس کو مشتبہ حالت میں دیکھ کر تلاشی لی جس میں نعش دستیاب ہوئی ۔ پولیس نے نعش کی دستیابی کے بعد سائبر آباد پولیس کی کلوز ٹیم اور ڈاگ اسکواڈ کو طلب کرلیا ۔ پولیس نے نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ منتقل کرکے قتل کا مقدمہ درج کیا اور تحقیقات کا آغاز کیا ۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ مقتول 25 سالہ سید ریاض ہے جو غوث نگر بنڈلہ گوڑہ سے /9 جنوری کو پراسرار طور پر لاپتہ ہوگیا تھا ۔ جس کے نتیجہ میں اس کی بیوی نجمہ بیگم نے پولیس سے شکایت درج کروائی تھی ۔ بتایا جاتا ہے کہ مقتول پیشہ سے آٹو ڈرائیور تھا اور سعید نامی دوست کے ہمراہ گیا تھا ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ ٹاسک فورس پولیس نے اس قتل میں ملوث 3 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے اور بتایا جاتا ہے کہ شخصی مخاصمت کے نتیجہ میں یہ قتل کیا گیا ہے ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔