سیاسی فائدہ کیلئے بی جے پی کی سازش، قیادت پر غلام نبی آزاد کی تنقیدیں بدبختانہ: اتم کمار ریڈی
حیدرآباد۔/30 اگسٹ، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے بی جے پی کے معطل شدہ رکن اسمبلی راجہ سنگھ کے گستاخانہ ریمارک کو بی جے پی کی سازش کا حصہ قرار دیا اور کہا کہ سیاسی فائدہ کیلئے بی جے پی راجہ سنگھ کو آلہ کار کے طور پر استعمال کررہی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے راجہ سنگھ کو اسمبلی کی رکنیت سے برطرف کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ان پر زیر دوران مقدمات کی فاسٹ ٹریک کورٹ کے ذریعہ سماعت ہونی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں فرقہ وارانہ کشیدگی کے ذریعہ بی جے پی منوگوڑو کے ضمنی چناؤ میں فائدہ اٹھانا چاہتی تھی لیکن عوام نے ان کوششوں کو مسترد کردیا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ منوگوڑو اسمبلی حلقہ کیلئے ہائی کمان کو امکانی امیدواروں کی فہرست روانہ کی گئی ہے اور جلد ہی ہائی کمان امیدوار کے نام کا اعلان کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی متحدہ طور پر انتخابی مہم میں حصہ لے گی۔ غلام نبی آزاد کے استعفی اور قیادت پر الزام تراشی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ غلام نبی آزاد کو 7 مرتبہ راجیہ سبھا کیلئے نامزد کیا گیا جن میں دو مرتبہ وہ غیر متعلقہ حلقہ جات سے منتخب کرائے گئے، چیف منسٹر جموں کشمیر، اے آئی سی سی جنرل سکریٹری اور مرکزی وزارت میں شامل رہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ دوبارہ راجیہ سبھا کی نشست فراہم نہ کرنے پر غلام نبی آزاد ناراض ہوگئے۔ پارٹی نے نئے قائدین کو موقع دیا ہے جو غلام نبی آزاد کو برداشت نہیں ہوا۔ گاندھی خاندان پر غلام نبی آزاد کی تنقیدوں کی مذمت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ 40 سال سے زائد عرصہ تک اقتدار کے مزے لوٹنے کے بعد پارٹی اور اس کی قیادت پر تہمت لگانا بدبختانہ ہے۔ آندھرا پردیش کو تلنگانہ کی جانب سے برقی بقایا جات کا حوالہ دیتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ مرکزی حکومت نے اندرون 30 یوم 6750 کروڑ ادا کرنے کی ہدایت دی ہے۔ پانچ سال سے یہ رقم ادا نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ میں بے قاعدگیوں کے بارے میں نریندر مودی، امیت شاہ اور جے پی نڈا بیان بازی کررہے ہیں لیکن سی بی آئی کے ذریعہ تحقیقات کیلئے تیار نہیں۔ انہوں نے مشن بھگیرتا اور کالیشورم پراجکٹ پر سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ ٹی آر ایس کو منوگوڑو میں قبائیلیوں سے ووٹ مانگنے سے قبل تحفظات کو وعدہ کے مطابق 10 فیصد کرنا چاہیئے۔ر