رافیل طیارے فرانس سے ہندوستان پہنچ گئے

,

   

ہندوستانی فوج کی تاریخ میں نئے دور کا آغاز:راجناتھ سنگھ
نئی دہلی: فرانس سے نہایت جدید رافیل جیٹ جنگی طیاروں کے امبالہ ایئر بیس پر لینڈ کرنے کے فوراً بعد وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے اس پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے آج کہا کہ یہ ہندوستانی فوج کی تاریخ میں نئے دور کی شروعات ہے۔ فرانس سے خریدے جانے والے 36 رافیل طیارہ کی پہلی کھیپ کے پانچ طیارے آج دوپہر 3بجے امبالہ ایئربیس پر اترے ، جہاں ’واٹرسلیوٹ‘سے ان کا خیرمقدم کیا گیا۔ وزیر دفاع نے کہا کہ ہندوستانی فضائیہ کو طویل عرصہ سے جس جنگی طیارے کا انتظار تھا ، وہ رافیل طیارے آج ہندوستان پہنچ گئے۔ رافیل طیاروں کا استقبال کرنے کیلئے ائیرچیف مارشل آر کے ایس بھدوریا انبالہ ائیربیس پر موجود تھے۔

سیکورٹی کے پیش نظر انبالہ میں دفعہ 144 لاگو ہے۔27 جولائی کو فرانس کے میریگراک بیس سے پانچ رافیل طیارے ہندوستان کیلئے روانہ ہوئے تھے۔ مسلسل سات گھنٹوں تک اڑان بھرنے کے بعد کل شام ابو ظہبی کے قریب الدفرہ فرینچ ائیربیس پر پہنچے۔ ان طیاروں نے بدھ کو انبالہ ائیربیس پر لینڈنگ کی۔وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ طیارے انبالہ میں محفوظ طریقہ سے لینڈنگ کرچکے ہیں۔ رافیل کامبیٹ طیاروں کے ہندوستان کی زمین کو چھوتے ہی فوجی تاریخ کے نئے دور کی شروعات ہوگئی ہے۔ یہ ملٹی رول طیارے ہندوستانی فضائیہ کی صلاحیتوں میں انقلابی تبدیلیاں لائیں گے۔قابل ذکر ہے کہ یو اے ای کی سرزمین سے جب رفیل طیاروں نے اڑان بھری تو کچھ ہی دیر بعد ہندوستانی فضائی حدود میں انٹری کرلی۔ اس موقع پر ا?ئی این ایس کولکاتہ کنٹرول روم سے ہی ان کا خیر مقدم کیا گیا۔ اس دوران ا?ئی این ایس کولکاتہ کنٹرول روم کی جانب سے کہا گیا : انڈین نیول وار شپ ڈیلٹا ۶۳ ایرو لیڈر ، مے یو ٹچ دی اسکائی ود گلوری ، ہیپی ہنٹنگ ، ہیپی لینڈنگ۔