ممبئی،8 نومبر(ایجنسیز) رنبیرکپور، یش اور سائی پلوی کی فلم ’رامائن: پارٹ1 سے ہندوستانی سنیما میں باکس آفس کے نئے ریکارڈ قائم کرنے کی توقع کی جارہی تھی، لیکن فلم کی ابتدائی کمائی ان توقعات پر پوری اترتی دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ تقریباً 2000 کروڑ روپے کے بھاری بجٹ سے تیارکی گئی اس فلم نے ریلیز کے پہلے دن اچھی شروعات ضرور کی، لیکن وہ پربھاس کی فلم ’آدی پرش‘ کا افتتاحی ریکارڈ توڑنے میں ناکام رہی۔ اب ہندوستان میں کمزور پڑتی کمائی کے درمیان فلم سازوں نے اس کی بین الاقوامی نمائش کا دائرہ وسیع کرنے کی کوشش تیز کردی ہے۔ اسی سلسلے میں فلم 12 نومبر، جمعرات کو ہانگ کانگ کے سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔ باکس آفس کے اعداد و شمار کے مطابق ’رامائن‘ نے ہندوستان میں پہلے دن 64.85 کروڑ روپے کا نیٹ کلیکشن کیا، جبکہ اس کا گراس کلیکشن 77.50 کروڑ روپے رہا۔ اس کے مقابلے میں 2023 میں ریلیز ہونے والی پربھاس کی فلم ’آدی پرش‘ نے پہلے دن ہندوستان میں 86.75 کروڑ روپے کا نیٹ کلیکشن اور103.08کروڑ روپے کا گراس کلیکشن کیا تھا۔ اس طرح بڑے بجٹ، وسیع پیمانے پر تشہیر اور متعدد زبانوں میں ریلیزکے باوجود رامائن افتتاحی دن کے اس ریکارڈ کو عبور نہیں کرسکی۔ عالمی سطح پر بھی اس کی پہلے دن کی کمائی تقریباً 127.50 کروڑ روپے رہی، جو ’آدی پرش‘ کے تقریباً 128کروڑ روپے کے عالمی افتتاحی کلیکشن سے معمولی کم تھی۔فلم نے ریلیزکے پہلے 3 دنوں میں ہندوستان میں مجموعی طور پر 182.70 کروڑ روپے کا نیٹ کلیکشن کیا، جبکہ اس کا گھریلو گراس کلیکشن 218 کروڑ روپے سے تجاوزکگیا۔ بیرون ملک فلم نے165.75 کروڑ روپے کمائے، جس کے بعد اس کا عالمی گراس کلیکشن 384 کروڑ روپے تک پہنچ گیا۔ اگرچہ یہ اعداد و شمار ایک بڑی فلم کے لیے قابل ذکر ہیں، لیکن تقریباً 2000 کروڑ روپے کے بتائے جانے والے بجٹ کے تناظر میں اس کی رفتارکو توقعات سے کم قرار دیا جارہا ہے۔ فلم کی آئندہ کمائی کا انحصار بڑی حد تک ناظرین کے ردعمل پر ہوگا۔