راہول گاندھی آج تلنگانہ میں داخل ہونگے، بڑے پیمانے پر خیرمقدم کی تیاریاں

,

   

یکم ؍ نومبر کو حیدرآباد میںپدیاترا ہوگی ۔ سونیا گاندھی، پرینکا گاندھی کے علاوہ دوسرے سینئر قائدین کی بھی شرکت کا امکان
حیدرآباد ۔ 22 اکٹوبر (سیاست نیوز) کانگریس لیڈر راہول گاندھی اپنی بھارت جوڑو یاترا پر کل 23 اکٹوبر اتوار کو تلنگانہ میں داخل ہونگے ۔ تلنگانہ میں دریائے کرشنا پر واقع برج کراس کرتے ہوئے راہول گاندھی داخل ہونگے اور مکتھل سے ریاست میں ان کی پد یاترا کا آغاز ہوگا ۔ راہول گاندھی نے کیرالا سے اپنی بھارت جوڑو یاترا کا آغاز کیا تھا ۔ پھر انہوں نے کرناٹک میں طویل فاصلہ طئے اور اب وہ آندھرا پردیش میں اپنی یاترا مکمل کرچکے ہیں۔ وہ اتوار کو تلنگانہ میں داخل ہونگے ۔ وہ مکتھل ‘ محبوب نگر ‘ جڑچرلہ ‘ شمس آباد ہوتے ہوئے حیدرآباد پہونچنے والے ہیں۔ اتوار کو تلنگانہ میں راہول گاندھی کی آمد کے موقع پر شاندار اور بڑے پیمانے پر استقبال کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ تلنگانہ میں اس یاترا کو کامیاب بنانے کیلئے کوئی کسر باقی نہیں رکھی جا رہی ہے اور وسیع پیمانے پر انتظامات ہو رہے ہیں۔ راہول گاندھی مکتھل ‘ محبوب نگر ‘ جڑچرلہ سے ہوتے ہوئے براہ شمس آباد حیدرآباد پہونچیں گے ۔ علاوہ ازیں منوگوڑ ضمنی انتخاب سے ٹھیک دو دن قبل گاندھی خاندان کے ارکان حیدرآباد پہنچ رہے ہیں۔ بھارت جوڑویاترا کے سلسلہ میں راہول گاندھی یکم اور 2 نومبر کو گریٹر حیدرآباد کے حدود میں پدیاترا کرنے والے ہیں ۔ ان کی والدہ سونیا گاندھی اور بہن پرینکا گاندھی بھی ان کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنے والے ہیں۔ یکم ؍ نومبر کو شمس آباد کی ماتا مندر سے راہول گاندھی کی پدیاترا کا آغاز ہوگا جو بہادرپورہ، چارمینار، گاندھی بھون سے گذرتے ہوئے نکلس روڈ پر مجسمہ اندرا گاندھی تک جاری رہے گی۔ آنجہانی اندرا گاندھی کے مجسمہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد راہول گاندھی جلسہ سے خطاب کریں گے۔ بوئن پلی کے گاندھی آئیڈیالوجی سنٹر میں شب بسری کے بعد 2 نومبر کو بالانگر، حفیظ پیٹ، مدینہ گوڑہ، بی ایچ ای ایل سے ہوتے ہوئے متنگی پہنچیں گے اور وہاں بھی جلسہ سے خطاب کریں گے اور ردرارم میں شب بسری کریں گے۔ پارٹی قائدین نے بتایا کہ گریٹر حیدرآباد کی پدیاترا میں شریک ہونے سونیا گاندھی اور پرینکا گاندھی کو دعوت دی گئی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ سونیا گاندھی اور پرینکا گاندھی نے حیدرآباد آنے سے اتفاق کیا ہے۔ یکم؍ نومبر کو تاریخی چارمینار کے پاس قومی پرچم لہرایا جائے گا اور نکلس روڈ پر جلسہ کے دو اہم پروگرامس ہیں جس میں دونوں ماں بیٹی کی شرکت کے قوی امکانات ہیں۔ بھارت جوڑو یاترا میں ابھی تک صرف راہول گاندھی کو فوکس کیا گیا ہے۔ تلنگانہ میں اندرا گاندھی کی تصاویر اور پوسٹرس کو اہمیت دی جارہی ہے کیونکہ وہ حلقہ لوک سبھا میدک کی نمائندگی کرچکی ہیں۔ اتوار کو راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا رائچور سے ضلع نارائن پیٹ میں داخل ہورہی ہے۔ تلنگانہ میں راہول گاندھی کا بڑے پیمانے پر خیرمقدم کرنے تلنگانہ پردیش کانگریس سے وسیع تر تیاریاں کی گئی ہیں۔ پہلے دن وہ 18 کیلو میٹر تک پدیاترا کے ذریعہ مکتھل پہنچیں گے۔ پیر، منگل اور چہارشنبہ کو راہول گاندھی کی پدیاترا کو وقفہ رہے گا۔ دیوالی تہوار کے علاوہ اے آئی سی سی صدر کھرگے کی حلف برداری تقریب میں شرکت کیلئے راہول گاندھی دہلی روانہ ہوں گے۔ 26 اکٹوبر سے پدیاترا کا دوبارہ آغاز ہوگا۔ 4 نومبر کو دوبارہ وقفہ رہے گا۔ 5 نومبر کو جوگی پیٹ سے دوبارہ آغاز ہوگا۔ کانگریس سینئر قائدین حیدرآباد کے علاوہ تلنگانہ کے دیگر مقامات پر پدیاترا ڈگ وجئے سنگھ، چیف منسٹر راجستھان اشوک گہلوٹ، رندیپ سنگھ سرجیوالا، جئے رام رمیش کے علاوہ دوسرے قائدین شرکت کریں گے۔ن