راہول گاندھی کی آج شام حیدرآباد آمد

   

ورنگل میں کسانوں سے خطاب‘ کل پارٹی قائدین سے ملاقات
حیدرآباد۔5۔ مئی (سیاست نیوز) راہول گاندھی کے 6 و 7 مئی کے دورہ تلنگانہ کے شیڈول کو قطعیت دی گئی ۔ کانگریس ذرائع کے مطابق راہول گاندھی خصوصی طیارہ سے شام 4.50 بجے نئی دہلی سے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچیں گے ۔ شام 5.10 بجے ایرپورٹ سے بذریعہ ہیلی کاپٹر ورنگل روانہ ہونگے۔ 5.45 بجے ورنگل کے گیبریل اسکول میں ہیلی کاپٹر لینڈ کرے گا۔ شام 6 بجے وہ آرٹس کالج گراؤنڈ پر کسانوں کے جلسہ عام میں شرکت کریں گے۔ شام 7 بجے راہول گاندھی کا خطاب ہوگا۔ رات 8 بجے ورنگل سے سڑک کے راستے حیدرآباد روانہ ہوں گے اور بنجارہ ہلز میں ہوٹل تاج کرشنا میں شب بسری کریں گے ۔ 7 مئی کو کانگریس سینئر قائدین سے ناشتہ پر ملاقات کریں گے۔ دوپہر 12.30 بجے سنجیویا پارک پہنچ کر دامودرم سنجیویا کو خراج پیش کریں گے ۔ دوپہر 1.30 بجے گاندھی بھون پہنچیں گے ۔ 2.45 بجے تک پارٹی قائدین سے ملاقات کرینگے ۔ پارٹی کی ڈیجیٹل رکنیت سازی میں اہم رول ادا کرنے والے قائدین سے ملاقات کرکے گروپ فوٹو لیں گے۔ شام 4 بجے ایرپورٹ کیلئے روانہ ہوں گے اور 5.50 بجے خصوصی طیارہ دہلی کیلئے پرواز کریگا ۔ ر

عثمانیہ یونیورسٹی میں راہول گاندھی کے پروگرام کی اجازت نہیں
ہائی کورٹ میں کانگریس کو دوسری مرتبہ بھی مایوسی
حیدرآباد۔5۔ مئی (سیاست نیوز) کانگریس قائد راہول گاندھی کے 7 مئی کو عثمانیہ یونیورسٹی میں پروگرام کی اجازت حاصل کرنے کی کوششوں کو اس وقت دھکہ لگا جب تلنگانہ ہائیکورٹ نے وائس چانسلر کے فیصلے میں مداخلت سے انکار کردیا۔ یہ دوسرا موقع ہے جب ہائیکورٹ نے عثمانیہ یونیورسٹی وائس چانسلر کے فیصلے میں مداخلت سے انکار کرکے راہول گاندھی کے پروگرام کی اجازت دینے سے گریز کیا۔ کانگریس نے دو علحدہ ہاؤز موشن کے ذریعہ یونیورسٹی میں پروگرام کی اجازت طلب کی تھی ۔ وائس چانسلر نے 30 اپریل کو پروگرام کی اجازت سے متعلق درخواست کو مسترد کردیا تھا ۔ کانگریس کی جانب سے طلبہ سے ملاقات کا پروگرام منعقد کرنے کی تجویز ہے۔ این ایس یو آئی ارکان نے وکیشن بنچ پر درخواست داخل کرکے وائس چانسلر کو احکامات جاری کرنے کی اپیل کی۔ جسٹس بی وجئے سین ریڈی نے اس معاملہ کی سماعت کے بعد درخواست کو مسترد کردیا ۔ این ایس یو آئی وکیل کروناکر ریڈی نے عثمانیہ یونیورسٹی میں ٹی آر ایس طلبہ تنظیم کی جانب سے 17 فروری کو پروگرام کا حوالہ دیا جس میں میئر اور ارکان اسمبلی نے شرکت کی تھی۔ انہوں نے کیمپس میں بی جے پی کی تمثیلی اسمبلی کے انعقاد کا حوالہ دیا۔ عثمانیہ یونیورسٹی کے وکیل کا کہنا تھا کہ پروگرام کی اجازت کی صورت میں امن و ضبط کے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیشتر این ایس یو آئی ارکان یونیورسٹی اسکالرس نہیں ہیں۔ سماعت کے بعد ہائیکورٹ نے ایسے پروگراموں کے بارے میں قواعد و ضوابط طئے کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے این ایس یو آئی کی درخواست کو مسترد کردیا۔ ر