نئی دہلی ۔3 ۔جون:(ایجنسیز) لوک سبھا کے اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی 4 جون کو اتراکھنڈ کے دورے پر جائیں گے۔ اپنے اس دورے کے دوران وہ کوٹ دوار میں محمد دیپک سے ملاقات کریں گے۔ ذرائع کے مطابق یہ ملاقات غیر سیاسی نوعیت کی ہوگی اور اس کے لیے تقریباً ایک گھنٹے کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق راہول گاندھی کوٹ دوار پہنچنے کے بعد محمد دیپک کے جم کی رکنیت بھی حاصل کریں گے۔ اس پروگرام کو کانگریس کی جانب سے ایک سماجی ملاقات قرار دیا جا رہا ہے۔محمد دیپک رواں سال جنوری میں اس وقت خبروں میں آئے تھے جب کوٹ دوار میں ایک دکان پر ہونے والے تنازعے کے دوران انہوں نے مبینہ طور پر ایک معمر دکاندار کا دفاع کیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ اسی موقع پر انہوں نے اپنا تعارف محمد دیپک کے نام سے کروایا، جس کے بعد یہ معاملہ سوشل میڈیا اور مختلف نیوز پلیٹ فارمز پر موضوعِ بحث بن گیا۔