کراچی ۔محمد رضوان کے بیٹ سے کئی ریکارڈز چکنا چور ہوگئے وہ ٹی 20 میں سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بیٹسمین بن گئے ہیں۔جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹوئنٹی 20 میچ میں محمد رضوان نے ناقابل شکست 104رنز اسکور کرکے ٹیم کے اسکور کو 6 وکٹ پر 169 تک پہنچایا۔ اس سنچری میں انھوں نے 64 گیندوں پر 104 رنز بنائے جبکہ باقی بیٹسمینوں نے مل کر 56 گیندوں پر 59 رنز اسکور کئے، 6 رنز فاضل کی صورت میں ملے۔اس شاندار اننگز کی بدولت رضوان نے کئی اہم ریکارڈ بھی اپنے نام کرلئے، وہ پاکستان کے پہلے وکٹ کیپر ہیں جنھوں نے ٹی 20 میں سنچری اسکور اور وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے دوسرے کھلاڑی ہیں۔ان سے قبل احمد شہزاد نے 30 مارچ 2014 میں بنگلہ دیش کے خلاف ناقابل شکست 111 رنز اسکور کئے تھے۔ عالمی سطح پر رضوان ٹی 20 سنچری اسکور کرنے والے پانچویں وکٹ کیپر ہیں، ان سے قبل برینڈن میک کولم (123)، افغانستان کے محمد شہزاد (118)، وان ویک (114) اور ڈونبر (104*) یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ محمد رضوان کو اس عمدہ اننگز کی بدولت کھیل کے تینوں فارمیٹس میں سنچری اسکور کرنے والے دنیا کے دوسرے وکٹ کیپر اور پاکستان کے دوسرے کھلاڑی کا بھی اعزاز حاصل ہوگیا ہے۔ان سے قبل برینڈن میک کولم بطور وکٹ کیپر بیٹسمین یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔محمدرضوان نے کسی بھی دوسرے پاکستانی کے مقابلے میں اننگز کے دوران سب سے زیادہ 7 چھکے لگائے، ان سے یہ قبل احمد شہزاد اور محمد حفیظ ایک ٹی 20 اننگز میں فی کس 6 چھکے مارچکے ہیں۔