ممبئی، 24 ستمبر (آئی اے این ایس) سنجے لیلا بھنسالی کی ہدایت میں بننے والی فلم ’لو اینڈ وار‘ سے رنبیرکپور کا پہلا پوسٹر جمعرات کو جاری کردیا گیا، جس میں اداکار کا فلم سے پہلا باضابطہ روپ سامنے آیا ہے۔ پوسٹر میں رنبیرکپور کو ایک رعب دار اور قدرے زخمی حالت میں دکھایا گیا ہے۔ ان کی قمیض کی آستین پر خون کے دھبے اور شرٹ پرگولی کا نشان نظر آرہا ہے۔ رنبیرکے چہرے پر سنجیدہ تاثرات ہیں۔ پوسٹر پر تحریر ہے: ’’وہ رتبہ، وہ رعب، وہ جنون!‘‘ ساتھ ہی فلم کی ریلیزکی تاریخ 21 جنوری 2027 درج کی گئی ہے۔’لو اینڈ وار‘ دنیا بھر میں ہندی، تمل اور تیلگو زبانوں میں ریلیزکی جائے گی۔ فلم کی شوٹنگ حال ہی میں مکمل ہوئی ہے اور اب یہ پوسٹ پروڈکشن کے مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔ فلم میں رنبیرکپورکے ساتھ عالیہ بھٹ اور وکی کوشل مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔ فلم کی ریلیز ابتدائی طور پرکرسمس 2025 کے لیے مقررکی گئی تھی، جس کے بعد اسے آگے بڑھاکر20 مارچ 2026 کی تاریخ مقررکی گئی۔ بعد ازاں فلم سازوں نے نئی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے21 جنوری 2027 کو ریلیز کرنے کی تصدیق کی۔ سنجے لیلا بھنسالی کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم جنگ کے پس منظر میں پیش کی جانے والی ایک عظیم الشان رومانوی داستان قرار دی جارہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق رنبیر کپور اور وکی کوشل فلم میں فضائیہ کے افسران کے کردار اداکر رہے ہیں، جن کی زندگیاں عالیہ بھٹ کے کردار سے جڑجاتی ہیں۔ تاہم فلم کی کہانی اور کرداروں سے متعلق بیشتر تفصیلات کو فلم سازوں نے فی الحال خفیہ رکھا ہے۔ لو اینڈ وارکے ذریعہ رنبیرکپور ایک بار پھر سنجے لیلا بھنسالی کے ساتھ کام کررہے ہیں۔ رنبیر نے 2007 میں بھنسالی کی فلم ’ساوریا‘ سے بالی ووڈ میں اپنے فلمی کریئر کا آغاز کیا تھا۔ عالیہ بھٹ اس سے قبل سنجے لیلا بھنسالی کی فلم گنگوبائی کاٹھیاواڑی‘ میں کام کرچکی ہیں، جبکہ ’لو اینڈ وار‘ وکی کوشل کی ہدایت کارکے ساتھ پہلی فلم ہے۔ اس فلم کے ساتھ رنبیر کپور، عالیہ بھٹ اور وکی کوشل پہلی مرتبہ ایک ساتھ مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔