روس سے جنگ کے خاتمہ کیلئے امریکی وفد موثر تجاویز لیکر آیا: یوکرین

   

کیئو ۔ 7 ستمبر (ایجنسیز) یوکرینی صدارتی دفتر کے سینئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ امریکی وفد روس کے ساتھ جنگ ختم کرنے کے لیے نئی اور زیادہ موثر تجاویز لے کر یوکرین آیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوکرینی سینئر عہدیدار نے کہا کہ یہ پہلے سے زیادہ مؤثر ہے، وہ اب بھی بات چیت کر رہے ہیں، دراصل یہی سب سے اہم بات ہے۔ وائٹ ہاؤس کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ امریکی نمائندوں نے ٹھوس منصوبوں پر بات چیت کی، جن کا اعلان آنے والے ہفتوں میں کیا جائے گا۔ دوسری جانب کریملن نے مزید تفصیلات بتائے بغیر کہا ہے کہ امریکی نمائندوں نے تنازعہ کے ممکنہ حل کیلئے متعدد تجاویز پیش کی ہیں۔ میڈیا کے مطابق امریکی نمائندوں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر دونوں نے یوکرین مذاکرات کے بارے میں مثبت رپورٹ پیش کی ہے، تاہم کسی نے بھی تنازعہ ختم کرنے کے حوالے سے کسی پیش رفت کا اعلان نہیں کیا۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکوف اور داماد جیرڈ کشنر نے ماسکو میں روسی صدر پیوٹن سے ملاقات کے فوری بعد گزشتہ روز یوکرین کا دورہ کیا تھا۔