ماسکو ؍ نیویارک : قرارداد میں روسی مقبوضہ علاقوں میں ریفرنڈم کو غیرقانونی قرار دیا گیا تھا اور تمام ملکوں سے یوکرین کی سرحدوں میں کسی تبدیلی کو تسلیم نہ کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔ چین اور ہندوستان نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ یوکرین کے چار علاقوں کو روس کی جانب سے اپنے میں ضم کرنے کے خلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں جمعہ کے روز پیش کردہ قرارداد کو روس نے ویٹو کردیا۔ 10 اراکین نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا جبکہ ہندوستان، چین، برازیل اور گیبون نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ یہ پہلے ہی یقینی تھاکہ روس اس قرارداد کو ویٹو کردے گا تاہم مغربی طاقتوں کو اس بات سے تھوڑا اطمینان ضرور ہوا کہ بیجنگ نے ماسکو کی حمایت نہیں کی اور اب اس قرارداد کو جنرل اسمبلی میں پیش کیا جاسکتا ہے، جس میں تمام رکن ممالک موجود ہوں گے۔ روسی صدر ولادیمیر پوٹن کی طرف سے جمعہ کی سہ پہر کو یوکرین کے چار علاقوں ڈونیٹسک، لوہانسک، ڑاپوریڑیا اور خیرسون کو روس میں ضم کرنے کا باضابطہ اعلان کرنے کے فوراً بعد امریکہ نے البانیہ کے ساتھ سلامتی کونسل میں روس کے خلاف ایک قرارداد پیش کی، جس میں بین الاقوامی طورپر تسلیم شدہ یوکرین کے سرحدوں کے اندرنام نہاد غیرقانونی ریفرنڈم کرانے کی مذمت‘‘ کی گئی تھی۔ اور یوکرین کی سرحدوں میں تبدیلی کوتسلیم نہ کرنے پر زور دیا گیا تھا۔ قرارداد میں یوکرین سے روسی فوج کے مکمل انخلاء کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔