رکن اسمبلی جوبلی ہلز ایم گوپی ناتھ کا دیہانت

   

سرکاری اعزازات کے ساتھ آخری رسومات کی ادائیگی
حیدرآباد۔8۔جون۔(سیاست نیوز) رکن اسمبلی جوبلی ہلز ماگنٹی گوپی ناتھ کا دوران علاج دیہانت ہوگیا۔ ڈاکٹرس نے صبح گوپی ناتھ کے دیہانت کی توثیق کی جو گذشتہ دویوم سے زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلاء تھے ۔ متوفی کی آخری رسومات جوبلی ہلز شمشان میں ادا کی گئی جہاں حکومت سے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے ۔گوپی ناتھ کے دیہانت کی اطلاع پر کارگذار صدر بی آر ایس کے ٹی راما راؤ‘ سابق وزیر ہریش راؤ و دیگر بی آر ایس قائدین نے اے آئی جی ہاسپٹل پہنچ کر نعش کو ان کے مکان واقع مادھا پور منتقل کیا جہاں چیف منسٹر ریونت ریڈی ‘ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرمارک‘ وزراء پی سرینواس ریڈی ’ پونم پربھاکر رکن اسمبلی ڈی ناگیندر و دیگر نے آخری دیدار کیا اور ان کو خراج پیش کیا۔بی آر ایس سربراہ کے سی آر متوفی رکن اسمبلی کی قیام گاہ پہنچے اور متوفی کے ارکان خاندان سے ملاقات کرکے پرسہ دیا ۔ انہوں نے رکن اسمبلی کی موت کو پارٹی کیلئے نقصان قرار دیا۔ آخری دیدار کرنے والوں میں بی آر ایس قائدین کے علاوہ وزیر آئی ٹی اے پی نارا لوکیش نائیڈو اور ان کی اہلیہ نارا برہمنی نائیڈو بھی شامل ہیں۔ کے ٹی آر نے گوپی ناتھ کے دیہانت پر کہا کہ وہ ایک حقیقی ہمدرد سے محروم ہوچکے ہیں ۔ آخری رسومات کیلئے حکومت سے انتظامات پر بھی کے آر نے اظہار تشکر کیا۔