پروگرام ادھورا چھوڑ کر چلے گئے، پروٹوکال کی خلاف ورزی کا الزام
حیدرآباد ۔ 29 اگست (سیاست نیوز) خیریت آباد کے رکن اسمبلی ڈی ناگیندر نے سرکاری عہدیداروں کے رویہ اور پروٹوکال کی کھلی خلاف ورزی پر شدید برہمی اور غصہ کا اظہار کیا ہے۔ بنجارہ ہلز میں واقع کمرم بھیم ادیواسی بھون میں ہفتہ کو اسمبلی حلقہ خیریت آباد کے تحت غریبوں کو مکانات الاٹ کرنے کیلئے ایک قرعہ اندازی پروگرام کا انعقاد کیا گیا تھا جہاں یہ ڈرامائی مناظر دیکھنے کو ملے۔ پروگرام کے مقررہ شیڈول کے باوجود عہدیداروں نے مقامی رکن اسمبلی ڈی ناگیندر کے پہنچنے کا انتظار کئے بغیر ہی لکی ڈرا کے عمل کا آغاز کردیا۔ جیسے ہی ڈی ناگیندر تقریب میں پہنچے اور انہیں معلوم ہوا کہ قرعہ اندازی ان کی عدم موجودگی میں شروع کردیا گیا ہے تو وہ برہم ہوگئے۔ انہوں نے عہدیداروں پر سخت تنقید کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا آپ کو ایم ایل اے کا کوئی ڈر نہیں ہے۔ شدید غصہ کے عالم میں رکن اسمبلی ڈی ناگیندر تقریب کو ادھورا چھوڑ کر واپس چلے گئے۔ انہوں نے میڈیا اور عوام کے سامنے انتباہ دیا کہ عوام کے منتخب نمائندے اور پروٹوکال کو نظرانداز کرنے والے عہدیداروں کے خلاف سخت قانونی و انتظامی کارروائی کی جائے گی۔2