طالبات کیلئے بہتر تعلیمی سہولتوں کا مشورہ
حیدرآباد ۔11۔اگست (سیاست نیوز) قومی اقلیتی کمیشن کی رکن سیدہ شہزادی نے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کا دورہ کیا ۔ انہوں نے وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن ، رجسٹرار پروفیسر اشتیاق احمد کے علاوہ یونیورسٹی کے اعلیٰ عہدیداروں اور اساتذہ سے بات چیت کی۔ محترمہ شہزادی نے یونیورسٹی کو درپیش مسائل سے واقفیت حاصل کی اور تیقن دیا کہ کمیشن کے ذریعہ مرکزی وزیر اقلیتی امور سمرتی ایرانی سے رجوع کرتے ہوئے حل کرنے کی کوشش کریں گی۔ انہوں نے یونیورسٹی میں طالبات کیلئے فراہم کی جارہی سہولتوں کا جائزہ لیا ۔ سیدہ شہزادی نے کہا کہ قرآن مجید میں لفظ اللہ کے بعد سب سے زیادہ جو لفظ آیا ہے وہ علم ہے۔ ہمیں علم کے ذریعہ مسلمانوں کی ترقی کو یقینی بنانا چاہئے ۔ انہوں نے حیدرآباد کی خواتین اور لڑکیوں میں تعلیم کو عام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ رکن قومی اقلیتی کمیشن نے یونیورسٹی کو مشورہ دیا کہ اسلام کے تعارف پر مشتمل کتابچہ تیار کریں تاکہ اسے وزارت اقلیتی امور کو پیش کیا جاسکے۔ پروفیسر سید عین الحسن نے امید ظاہر کی کہ محترمہ سیدہ شہزادی اردو یونیورسٹی کے لئے وسائل کے حصول میں مددگار ثابت ہوں گی۔ وزارت اقلیتی بہبود ضروری مالیہ فراہم کرتا ہے تو یونیورسٹی میں قومی تعلیمی پالیسی کے مطابق فنی کورسس کے مراکز کو مزید بہتر بنایا جائے گا ۔ رکن قومی اقلیتی کمیشن نے گرلز ہاسٹل کا معائنہ کیا اور طالبات سے بات چیت کی ۔ ر