ریاست میں معیاری برقی سربراہی کیلئے 5 سالہ ایکشن پلان کی تیاری کی ہدایت

   

بھٹی وکرامارکا کا جائزہ اجلاس، ہر شعبہ میں برقی طلب میں اضافہ، جینکو اور ڈسٹری بیوشن کمپنی کی کارکردگی میں بہتری
حیدرآباد 9 مئی (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے تلنگانہ کے برقی اداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے برقی تیاری اور سربراہی کے سلسلہ میں آئندہ 5 برسوں کے ایکشن پلان کا جائزہ لیا تاکہ تمام شعبہ جات کو معیاری برقی سربراہ کی جاسکے۔ پرنسپل سکریٹری برقی کے علاوہ برقی اداروں کے صدورنشین اور منیجنگ ڈائرکٹرس نے اجلاس میں شرکت کی اور آئندہ 5 برسوں میں برقی سربراہی کو بہتر بنانے کے ایکشن پلان سے واقف کرایا۔ پرنسپل سکریٹری سندیپ کمار سلطانیہ نے کہاکہ جینکو، ٹرانسکو اور سدرن و نادرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے علاوہ ریڈکو نے برقی سربراہی کا ایکشن پلان تیار کیا ہے۔ سنٹرل الیکٹرسٹی اتھاریٹی نے مالیاتی سال 2030 ء تک برقی طلب کا نشانہ 24215 میگاواٹ مقرر کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سنگارینی کالریز، این ٹی پی سی اور جینکو کے ذریعہ برقی پیداوار میں اضافہ کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ صدرنشین ٹرانسکو کرشنا بھاسکر نے کہاکہ جاریہ سال برقی طلب میں 9.8 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ جاریہ سال برقی طلب 16877 میگاواٹ تک پہونچ سکتی ہے۔ اُنھوں نے گزشتہ 2 برسوں سے برقی کی پیداوار میں اضافہ کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کے صدرنشین مشرف فاروقی نے کہاکہ کمپنی کے حدود میں گزشتہ سال برقی طلب 9862 میگاواٹ تھی جو جاریہ سال بڑھ کر 11017 میگاواٹ ہوچکی ہے۔ 10.48 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سائبر سٹی سرکل علاقہ میں برقی طلب میں اضافہ ہوا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ 5 سالہ ایکشن پلان کے تحت 33/11kv صلاحیت کے 410 نئے سب اسٹیشنوں کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ ناردن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کے صدرنشین ورون ریڈی نے کہاکہ کمپنی کے حدود میں برقی طلب میں جاریہ سال اضافہ ہوا۔ گزشتہ سال 5816 میگاواٹ برقی طلب تھی جو بڑھ کر 6281 میگاواٹ ہوچکی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ 342 نئے سب اسٹیشنوں کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ ریڈکو کی منیجنگ ڈائرکٹر شریمتی انیلا نے بتایا کہ ریاست میں 7913 میگاواٹ صلاحیت کے سولار برقی پلانٹس موجود ہیں اور 2030 ء تک برقی تیاری کی صلاحیت 19874 میگاواٹ پہونچ جائے گی۔ بھٹی وکرامارکا نے برقی اداروں پر زور دیا کہ وہ برقی طلب کے مطابق سربراہی کو یقینی بنائیں۔ اُنھوں نے کہاکہ 5 سالہ ایکشن پلان پر عمل آوری اہمیت کی حامل رہے گی۔ اُنھوں نے ہر ضلع ہیڈکوارٹر پر ڈپارٹمنٹل الیکٹریکل اسٹور کے قیام کا مشورہ دیا تاکہ برقی سربراہی میں خلل کی صورت میں مرمتی کام انجام دیئے جاسکیں۔1