فارم ہاؤز پر ہر دن ایک یا دو اضلاع کے پارٹی قائدین کے ساتھ اجلاس، پارٹی کی سلور جوبلی تقاریب کا جائزہ
حیدرآباد ۔ 5 اپریل (سیاست نیوز) بی آر ایس کے سربراہ سابق چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ تازہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیں تو پتہ چلتا ہیکہ ریاست میں کسی بھی وقت ضمنی انتخابات منعقد ہوسکتے ہیں۔ پارٹی کے تمام قائدین انتخابات کیلئے تیار ہے۔ کانگریس حکومت سے عوام بدظن ہوچکے ہیں۔ مستقبل میں ریاست میں جو بھی انتخابات منعقد ہوں گے، بی آر ایس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ بی آر ایس پارٹی کے سلور جوبلی تقاریب کے سلسلہ میں کے سی آر اپنے فارم ہاؤز پر ہر دن ایک یا دو اضلاع کی نمائندگی کرنے والے پارٹی کے قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے 27 اپریل کو ضلع ورنگل میں منعقد ہونے والے جلسہ عام کو کامیاب بنانے کے علاوہ پارٹی کے استحکام پر تبادلہ خیال کررہے ہیں۔ کے سی آر نے گچی باؤلی کے علاقہ میں موجود 400 ایکر اراضی کو فروخت کرنے کی کوشش پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ماحولیات پر بہت زیادہ اثر پڑے گا۔ بی آر ایس پارٹی اس کے خلاف تحریک میں شدت پیدا کرے گی اور طلبہ کے احتجاج کی مکمل تائید و حمایت کرے گی۔ کے سی آر نے طلبہ پر پولیس لاٹھی چارج کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ کانگریس حکومت نے جھاڑیوں پر بلڈورس چلاتے ہوئے پرندوں اور جانوروں کو بھی پریشان کیا ہے۔ ان ظالمانہ کارروائی کے خلاف ہر ایک کو آواز اٹھانے پر زور دیا۔ کے سی آر نے کہا کہ مختصر عرصہ میں کانگریس حکومت عوامی اعتماد سے محروم ہوگئی ہے۔ ریونت ریڈی حکومت کی کارکردگی سے سماج کا کوئی بھی طبقہ مطمئن نہیں ہے۔ ملک میں بی جے پی کا اور ریاست میں کانگریس کا دن بہ دن گراف گھٹتے جارہا ہے۔ دونوں حکومتوں کو نقصان پہنچے گا۔ اقتدار حاصل کرنے کے بعد عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں دونوں جماعتیں پوری طرح ناکام ہوگئی ہیں۔ کے سی آر نے پارٹی کیڈر کو عوام کے دکھ درد میں ساتھ میں رہنے کا مشورہ دیا۔ بی آر ایس کی سلور جوبلی تقریب ساری ریاست میں جشن کی طرح منانے کا مشورہ دیا۔ ہر گاؤں، وارڈ اور منڈل میں پارٹی پرچم لہرانے پر زور دیا۔2