دستاویزات کے رجسٹریشن میں رکاوٹوں کو دور کرنے میں مدد، وزیر مال سرینواس ریڈی کا اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد۔ یکم؍ جون (سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی کے مطابق کل 2 جون سے ریاست کے تمام سب رجسٹرار دفاتر میں اسپاٹ بکنگ کا آغاز ہوگا۔ سرینواس ریڈی نے ضلع کلکٹرس اور محکمہ مال کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ رجسٹریشن خدمات کو بہتر بنانے کے لئے اسپاٹ بکنگ سسٹم پر موثر عمل آوری کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسپاٹ بکنگ کے علاوہ آرٹیفیشل انٹلی جنس خدمات سب رجسٹرار دفاتر میں دستیاب رہیں گیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست کے 144 سب رجسٹرار دفاتر میں پہلے مرحلہ میں اسکیم پر تجرباتی طور پر عمل کیا گیا۔ دوسرے مرحلہ میں 47 سب رجسٹرار دفاتر میں یہ خدمات شروع کی گئیں۔ 2 جون کو باقی 97 سب رجسٹرار دفاتر میں اسپاٹ بکنگ پر عمل آوری کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن کا عمل شفافیت کے ساتھ مکمل کیا جائے اور بے قاعدگیوں کی کوئی گنجائش نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ تجرباتی مرحلہ میں 94 فیصد عوام نے نئی خدمات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ پہلے مرحلہ میں 22 سب رجسٹرار دفاتر میں 10 اپریل سے آج تک 30,592 دستاویزات کی یکسوئی کی گئی۔ دوسرے مرحلہ میں 25 سب رجسٹرار دفاتر میں 12 مئی سے آج تک 14,099 دستاویزات کی یکسوئی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر 45,191 دستاویزات کا رجسٹریشن کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اسپاٹ بکنگ کے نتیجہ میں اضافی طور پر 3000 دستاویزات کی یکسوئی میں مدد ملی ہے۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ رجسٹریشن کے عمل کو شفاف اور بے قاعدگیوں سے پاک بنانے کے لئے حکومت اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اراضیات کے دوسری مرتبہ رجسٹریشن جیسی شکایات کی یکسوئی کے لئے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ رجسٹریشن کی تفصیلات فوری طور پر جاری کی جائیں اور ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسپاٹ بکنگ کے نتیجہ میں سب رجسٹرار دافاتر میں ملازمین اور عہدیداروں پر کام کے بوجھ میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سب رجسٹرار آفس میں روزانہ کم از کم 48 اسپاٹ بکنگ کی جارہی ہے۔ 1