ریاستی وزیر پونم پربھاکر نے پرجاوانی میں عوامی مسائل کی سماعت کی

   

درخواست گذاروں سے ملاقات، ڈاکٹر جی چناریڈی نے تفصیلات سے واقف کرایا

حیدرآباد 28 جولائی (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے آج چیف منسٹر پرجاوانی پروگرام کا معائنہ کیا اور عوام سے ملاقات کی۔ پرجاوانی کے انچارج نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ ڈاکٹر جی چناریڈی اور اسٹیٹ نوڈل آفیسر کے ودیا ساگر نے وزیر ٹرانسپورٹ کو پرجاوانی پروگرام کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ مہاتما جیوتی با پھولے پرجا بھون میں ہفتہ میں 2 دن عوامی مسائل کی سماعت کی جاتی ہے اور تحریری نمائندگیاں وصول کرتے ہوئے متعلقہ محکمہ جات کو رجوع کیا جاتا ہے۔ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد عوامی مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کے لئے یہ منفرد پروگرام شروع کیا گیا۔ پونم پربھاکر نے درخواست گذاروں سے ملاقات کی اور اُن کے مسائل کی سماعت کی۔ ڈاکٹر چناریڈی اور پونم پربھاکر نے درخواستوں کو قبول کرتے ہوئے متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں کو یکسوئی کی ہدایت دی۔ پرجاوانی کے آج کے پروگرام میں جملہ 325 درخواستیں موصول ہوئیں اور یہ اِس سلسلہ کا 242 واں پروگرام تھا۔ پنچایت راج اور دیہی ترقی سے متعلق 161 درخواستیں موصول ہوئیں۔ ریونیو 38، بی سی ویلفیر 28 اور دیگر محکمہ جات سے متعلق 96 درخواستیں موصول ہوئیں۔ مختلف محکمہ جات کے عہدیدار اِس پروگرام میں شریک ہوتے ہیں۔ پونم پربھاکر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس کی عوامی حکومت نے پرجاوانی کا منفرد پروگرام شروع کیا ہے تاکہ عوام بہ آسانی عہدیداروں سے ملاقات کرتے ہوئے اپنے مسائل پیش کرسکیں۔ اُنھوں نے کہاکہ بی آر ایس کے 10 سالہ دور میں عوامی مسائل کو نظرانداز کردیا گیا تھا لیکن کانگریس حکومت نے انتخابی وعدوں کی تکمیل کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل کی یکسوئی پر توجہ مرکوز کی ہے۔k/i/V/1