ریاستی وزیر کونڈا سریکھا نے گاندھی بھون میں عوام سے ملاقات پروگرام میں حصہ لیا

   

100 سے زائد درخواستوں کی وصولی، کارپوریشنوں کے دو صدورنشین بھی موجود
حیدرآباد ۔ 11۔ جون (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی کے ہیڈکوارٹر گاندھی بھون میں عوام سے ملاقات پروگرام کے تحت وزیر جنگلات و ماحولیات کونڈا سریکھا نے دو کارپوریشنوں کے صدور نشین عبید اللہ کوتوال اور ایم وجئے بابو کے ہمراہ عوام سے ملاقات کی اور ان کی نمائندگیاں وصول کیں۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے ہر ہفتہ ایک ریاستی وزیر کی جانب سے گاندھی بھون میں عوام سے ملاقات پروگرام طئے کیا ہے ۔ اس کے علاوہ مختلف کارپوریشنوں کے دو صدورنشین روزانہ عوامی مسائل کی سماعت کیلئے گاندھی بھون میں دستیاب رہیں گے۔ ریاستی وزیر کونڈا سریکھا کی آمد کے موقع پر عوام کی کثیر تعداد نے اپنے مسائل پیش کئے اور تحریری نمائندگی کی ۔ کونڈا سریکھا نے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں سے فون پر ربط قائم کرتے ہوئے مسائل کی یکسوئی کی ہدایت دی۔ تین گھنٹے سے زائد تک جاری رہی عوامی سماعت میں پارٹی کے کئی کارکنوں نے بھی شرکت کی ۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کونڈا سریکھا نے کہا کہ 110 درخواستیں اور نمائندگیاں وصول ہوئی ہیں جن میں زیادہ تر راشن کارڈ ، اندراماں ہاؤزنگ ، سلائی مشین اور راجیو یووا وکاسم سے متعلق ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تمام درخواستوں کو آن لائین کرتے ہوئے متعلقہ محکمہ جات سے رجوع کیا جائے گا۔ پرجا بھون اور گاندھی بھون میں عوامی سماعت کے پروگرام کے ذریعہ عوامی مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام سے حکومت پر عوام کا اعتماد مستحکم ہوگا۔ کونڈا سریکھا نے کہا کہ جن مسائل کو فوری حل کیا جاسکتا ہے ، اس سلسلہ میں سرکاری عہدیداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات سے متعلق درخواستوں کی وہ شخصی طور پر یکسوئی کریں گی اور عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کریں گی۔1