ریسکیو آپریشن میں 1300تارکین وطنکو اٹلی پہنچا دیا گیا

   

روم : اٹلی کے ساحل کے قریب 13 سو سے زائد تارکین وطن کو ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے بچا لیا گیا ہے جبکہ دو ہفتے پہلے ہی کشتی ڈوبنے سے 74 افراد کی ہلاکت کا واقعہ پیش آیا تھا۔خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اٹلی کی قدامت پسند حکومت نے پناہ گزینوں کی آمد پر قابو پانے کا وعدہ کیا تھا لیکن رواں سال شمالی افریقہ اور ترکی سے آنے والوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔کوسٹ گارڈ نے بتایا کہ کشتیاں تارکین وطن سے بھری ہوئی تھیں اور سمندر کی صورتحال ناسازگار تھی جس کی وجہ سے ریسکیو آپریشن مشکل تھا۔تین مختلف ریسکیو آپریشن کے ذریعے تارکین وطن کی کشتیوں سمندر سے نکال کر ساحل پر پہنچایا گیا ہے۔حکام نے تارکین وطن کو لے جانے والی ایک کشتی کو سمندر میں روکتے ہوئے اس میں سے 379 افراد کو محفوظ کشتی میں منتقل کیا ہے جنہیں ساحل پر پہنچایا گیا۔جبکہ تارکین وطن سے بھری ہوئی ایک اور ماہی گیروں کی کشتی کو بھی کروٹون کی بندرگاہ پر واپس لایا گیا جس میں 487 افراد سوار تھے۔مقامی حکام کا کہنا ہے کہ سسلی کے ساحل پر موجود 200 افراد کو کشتی کے ذریعے کاتانیا شہر پہنچایا جا رہا ہے جبکہ جزیرہ لامپیدوسا کے ایک سینٹر میں موجود تارکین وطن کو لے جانے کے لیے ایئر فورس کی مدد لی گئی ہے۔