راج گوپال ریڈی کو وزارت کا وعدہ، ستمبر میں داخلی مسائل کی یکسوئی اور نامزد عہدوں پر تقررات
حیدرآباد۔ 30 اگست (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے اختلافات کی تردید کی اور کہا کہ ہم دونوں بہتر تال میل کے ساتھ پارٹی کے استحکام کے لئے کام کررہے ہیں۔ میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ہم دونوں کا بنیادی مقصد 2029 میں راہول گاندھی کو وزیر اعظم کے عہدہ پر فائز کرنا ہے اور تلنگانہ سے زائد ارکان پارلیمنٹ کو منتخب کرتے ہوئے راہول گاندھی کے وزیر اعظم بننے کی راہ ہموار کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کونڈا سریکھا کی دختر نے چیف منسٹر کے خلاف جو ریمارکس کئے ہیں وہ انتہائی تکلیف دہ ہیں۔ ان ریمارکس سے مجھے بھی دکھ پہنچا۔ مہیش کمار گوڑ نے واضح کیا کہ پارٹی میں ڈسپلن شکنی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر پارٹی میں اختلافات موجود ہیں اور ٹی آر ایس میں سگے بھائی بہن میں اختلافات ہیں۔ بی جے پی میں بھی قائدین کے اختلافات پر منظر عام پر آچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس میں داخلی جمہوریت زیادہ ہے جس کے نتیجہ میں بعض قائدین بیان بازی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ داخلی مسائل پر کھلے عام اظہار خیال قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس جیسی بڑی پارٹی میں گروہ بندیاں کوئی نئی بات نہیں لیکن سرکاری اسکیمات پر موثر عمل آوری کے لئے متحدہ طور پر کام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کونڈا سریکھا اور ڈاکٹر چنا ریڈی کا معاملہ ہائی کمان کے ساتھ زیر غور ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ایک سمندر کی طرح ہے اور یہاں قائدین کو اظہار خیال کی دیگر پارٹیوں کے مقابلہ زائد آزادی ہے تاہم ڈسپلن شکنی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ صدر پردیش کانگریس نے اعتراف کیا کہ منگوڑ رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی سے وزارت کا وعدہ کیا گیا تھا اور یہ بات درست ہے تاہم بعض سیاسی وجوہات کے سبب راج گوپال کو وزارت میں شامل نہیں کیا جاسکا تاہم انہیں تحمل کی ضرورت ہے۔ کانگریس پارٹی کے داخلی مسائل اور نامزد عہدوں پر تقررات جیسے مسائل کی ستمبر میں یکسوئی کرلی جائے گی۔1؍F