حیدرآباد۔/28 مارچ ، (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی ملک کی بااثر شخصیتوں میں شامل ہیں اور گذشتہ سال کے مقابلہ ان کی رینکنگ میں نمایاں بہتری ہوئی ہے۔ انڈین ایکسپریس کی جانب سے ہر سال مختلف شعبہ جات کی طاقتور اور بااثر شخصیتوں کی فہرست رینک کے ساتھ جاری کی جاتی ہے۔ انڈین ایکسپریس پاور لسٹ 2025 میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کے مقام میں 11 رینک کی بہتری ہوئی ہے۔ گذشتہ سال چیف منسٹر 39 ویں مقام پر تھے جبکہ جاریہ سال 11 درجات کی بلندی کے ساتھ چیف منسٹر کو28 واں مقام حاصل ہوا ہے۔ درجہ میں بہتری ان کی بڑھتی سیاسی قوت اور مضبوط انتظامی قیادت کی عکاس ہے۔ انڈین ایکسپریس پاور لسٹ میں ہر سال سیاست، تجارت ، اسپورٹس اور تفریح کے شعبہ جات میں بااثر شخصیتوں کی درجہ بندی کی جاتی ہے۔ ریونت ریڈی کے رینک میں بہتری کو کامیاب حکمرانی اور انڈیا الائینس میں ان کے بڑھتے رول کا نتیجہ ہے۔ اس فہرست میں وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ اور اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی بھی ٹاپ 10 میں شامل ہیں۔ ریونت ریڈی نے علاقائی لیڈر سے اپنی شناخت کا آغاز کیا اور اب قومی سطح پر بااثر سیاسی شخصیت بن کر اُبھرے ہیں۔ فہرست میں انڈیاالائینس کے چیف منسٹرس بھی شامل ہیں۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے رینکنگ میں اضافہ پر مبارکباد پیش کی۔1