پہلے مرحلہ میں بیشتر اسمبلی حلقہ جات کا احاطہ،قومی قائدین بشمول پرینکا گاندھی کی شرکت کا امکان
حیدرآباد۔/5فروری،( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی پدیاترا کا کل 6 فروری کو ملگ ضلع کے میڈارم سے آغاز ہوگا۔ راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کے بعد ہاتھ سے ہاتھ جوڑو مہم کے تحت ملک کے گھر گھر تک راہول گاندھی کے پیام کو عام کرنے کیلئے اے آئی سی سی نے مہم کا فیصلہ کیا ہے۔ تلنگانہ میں ریونت ریڈی پدیاترا کا آغاز کررہے ہیں اور پہلے مرحلہ میں 22 فروری تک یاترا جاری رہے گی۔ سابق چیف منسٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی 2003 میں پدیاترا سے متاثر ہوکر ریونت ریڈی نے پدیاترا کا فیصلہ کیا ہے تاکہ 2004 کی طرح کانگریس برسراقتدار آئے۔ تلنگانہ کے انچارج مانک راؤ ٹھاکرے نے سینئر قائدین کے ساتھ اجلاس میں پدیاترا کے پہلے مرحلہ کو منظوری دی۔ آنجہانی وائی ایس آر نے چیوڑلہ سے پدیاترا کا آغاز کیا تھا۔ ریونت ریڈی نے محبوب آباد میں ملگ اسمبلی حلقہ سے پدیاترا کا فیصلہ کیا ہے جس کی نمائندگی سیتکا کرتی ہیں۔ محبوب آباد ضلع کے تمام 7 اسمبلی حلقہ جات کا احاطہ کیا جائے گا۔ وہ میڈارم کی سمکاسارالما جاترا میں شرکت کرتے ہوئے یاترا شروع کریں گے۔ وہ رائے پور چھتیس گڑھ میں 24 فروری کو کانگریس کے تین روزہ پلینری سیشن میں شرکت کیلئے پہلے مرحلہ کی پدیاترا 22 فروری کو ختم کررہے ہیں۔ پلینری سیشن کے بعد دوسرے مرحلہ کی پدیاترا کے شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔ مانک راؤ ٹھاکرے نے بتایا کہ پدیاترا میں قومی اور ریاستی قائدین حصہ لیں گے۔ ہاتھ سے ہاتھ جوڑو مہم پر عمل آوری کیلئے پارٹی کی جانب سے کنٹرول روم قائم کیا جارہا ہے۔ مانک راؤ ٹھاکرے نے کہا کہ تلنگانہ میں صورتحال 2003 کی طرح ہے اور پدیاترا سے کانگریس کا اقتدار یقینی ہوگا۔ بتایا جاتا ہے کہ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی پدیاترا کے دوران کسی ایک مقام پر جلسہ عام سے خطاب کریں گی۔ر