ریاست کا سیاسی منظرنامہ تبدیل کانگریس اقتدار حاصل کرے گی۔ سید عظمت اللہ حسینی کا دعویٰ
حیدرآباد ۔ 18 فبروری (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے شیوراتری کے پیش نظر 18 و 19 فبروری کو ہاتھ سے ہاتھ جوڑو پدیاترا کو وقفہ دیا ۔20 فبروری سے پدیاترا کا آغاز ہوگا۔ پردیش کانگریس تشہیری کمیٹی کنوینر سید عظمت اللہ حسینی نے ریونت ریڈی کی پدیاترا کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام بالخصوص سماج کے تمام طبقات کی پدیاترا کو تائید حاصل ہورہی ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ریاست میں 2 ماہ میں انتخابات ہوں یا مقررہ وقت پر کانگریس 90 تا 100 اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے میڈیا سے کہا کہ بی آر ایس اور بی جے پی ایک سکہ کے دو رخ ہیں۔ راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا اور ریونت ریڈی کی ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا کے بعد تلنگانہ میں سیاسی منظرنامہ تبدیل ہوگیا اور کانگریس کارکنوں کے جوش میں اضافہ ہوگیاہے جس کے بعد حکمران جماعتیں بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ انہیں اندازہ ہوگیا کہ عوام بدظن ہیں ۔ بی آر ایس و بی جے پی قائدین ایک دوسرے پر تنقیدیں اور الزامات عائد کرکے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہیں لیکن عوام باشعور ہیں۔ بی جے پی اور بی آر ایس کے جھانسے میں نہیں آئیں گے ۔ دونوں کو شکست ہوگی اور کانگریس بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی۔ بی جے پی فرقہ پرستی کو فروغ دے کر نفرت کو پروان چڑھارہی ہے جبکہ بی آر ایس سیکولرازم کے نام پر دھوکہ دے رہی ہے۔ اقلیتوں کو چیف منسٹر کے سی آر ہتھیلی میں جنت دکھاکر دھوکہ دے رہے ہیں۔ 12 فیصد تحفظات کے وعدے کو فراموش کردیا گیا ۔ انٹرنیشنل اسلامک سنٹر تعمیر نہیں کیا گیا۔ اقلیتی بجٹ کی مکمل اجرائی عمل میں نہیں آئی۔ن