نیویارک : امریکہ کی اپیل کورٹ نے سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو ریپ کے الزام کے مقدمے میں کسی قسم کا ریلیف دینے سے انکار کرتے ہوئے کیس واپس نیویارک کی عدالت کو بھیج دیا ہے۔خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق واشنگٹن ڈی سی کی اپیل کورٹ نے مصنفہ جین کیرل کی جانب سے دائر دو مقدمات میں ڈونالڈ ٹرمپ کو ریلیف دینے سے انکار کیا کہ سابق صدر کو استثنیٰ دینے کیلئے شواہد ناکافی ہیں۔مصنفہ جین کیرل نے سال 2019 میں الزام عائد کیا تھا کہ ڈونالڈ ٹرمپ نے تقریباً تیس سال قبل ان کا ریپ کیا تھا، تاہم سابق صدر نے یہ کہتے ہوئے ان الزامات کو مسترد کر دیا کہ وہ ان کی ’ٹائپ‘ نہیں ہیں۔جین کیرل نے اپنی کتاب میں ریپ کا تمام واقعہ تفصیل سے بیان کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مین ہٹن کے ایک اسٹور میں ان کی ڈونالڈ ٹرمپ سے ملاقات ہوئی جب سابق صدر نے کسی خاتون کیلئے تحفہ خریدنے میں مدد مانگی، بعد ازاں ڈریسنگ روم میں ان پر جنسی حملہ کیا۔