ممبئی : بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے پاس غیر ملکی کرنسی کے اثاثوں اور ذخائر میں تیزی سے کمی کی وجہ سے ملک کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 06 جنوری کو ختم ہونے والے ہفتے میں 1.26 بلین امریکی ڈالر کم ہوکر 561.6 بلین امریکی ڈالر رہ گئے جبکہ گزشتہ ہفتے یہ 4.4 کروڑ ڈالر بڑھ کر 562.9 بلین ڈالر پر رہا تھا۔ریزرو بینک کے جاری کردہ ہفتہ وار اعداد و شمار کے مطابق غیر ملکی کرنسی کے اثاثے ، جو کہ زرمبادلہ کے ذخائر کا سب سے بڑا جزو ہے ، 06 جنوری کو ختم ہونے والے ہفتے میں 1.75 بلین ڈالر کم ہو کر 496.4 بلین ڈالر رہ گئے ۔ تاہم، اس عرصے کے دوران سونے کے ذخائر 461 ملین ڈالر بڑھ کر 41.8 بلین ڈالر تک پہنچ گئے ۔اسی طرح زیر جائزہ ہفتے کے دوران خصوصی ڈرائنگ رائٹس (ایس ڈی آر) 35 ملین ڈالر بڑھ کر 18.22 بلین ڈالر تک پہنچ گئے ۔ ساتھ ہی اس عرصے کے دوران انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے پاس ریزرو فنڈ 18 ملین ڈالر کم ہو کر 5.1 بلین ڈالر رہ گیا۔