ادارہ سیاست سے امدادی اشیا کی حج ہاوز سے متصل عمارت میں وصولی
حیدرآباد۔17فروری(سیاست نیوز) ادارۂ سیاست سے ملک شام کے متاثرین جو جنگ زدہ علاقہ میں زلزلہ متاثرین ہیں ان کیلئے راحت کاری سامان کی روانگی کا فیصلہ کرکے اشیاء کی وصولی کا آغاز کیا جاچکا ہے۔شہر میں شام کا کوئی قونصل خانہ یا سفارتی ادارہ نہ ہونے پر ادارۂ سیاست نے تمام اشیاء اکٹھا کرکے متاثرین تک پہنچانے کا فیصلہ کیا گیا۔ مصیبت زدگان کو راحت پہنچانے فوری حرکت میں آتے ہوئے امداد پہنچانے کے اقدامات کئے جاتے رہے ہیں ۔ ادارۂ سیاست نے مذہب ‘ مسلک اور دیگر معاملات سے بالاتر انسانیت و انسانوں کی خدمت کیلئے ہمیشہ اپنے قارئین و مخیر شہریوں کے تعاون سے مدد کی ہے اور اس مرتبہ ملک شام کیلئے امداد کی وصولی کا عمل حج ہاؤز سے متصل زیر تعمیر عمارت میں کیا جا رہاہے جہاں امداد جمع ہونے کے بعد اسے شامی سفارت خانہ دہلی روانہ کیا جائے گا۔ شہریان حیدرآباد کی سہولت کیلئے قلب شہر میں واقع اس جگہ کوتلنگانہ وقف بورڈ کے تعاون سے مختصر مدت کیلئے حاصل کرکے سامان جمع کرنے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست نے شہریان حیدرآباد سے اپیل کی کہ وہ شامی عوام کی مدد کیلئے آگے آئیں اور راحت کاری اشیاء کی روانگی میں تعاون کریں ۔ ایڈیٹر سیاست نے بتایا کہ شام میں موسم کے اعتبار سے گرم کپڑوں ‘ جوتوں‘ بچوں کی اشیائے تغذیہ و دیگر درکار اشیاء روانہ کرنے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔