سابق امریکی صدر باراک اوباما کو نوبل انعام کے بعد ایمی ایوارڈ

   

واشنگٹن :سابق امریکی صدر بارک اوباما کو امن کے نوبل ایوارڈ سے تو نوازا جا ہی چکا ہے لیکن اب وہ ایمی ایوارڈ جیتنے والوں کی فہرست میں بھی شامل ہو گئے ہیں جو عموماً آرٹ اور فلموں کی دنیا سے وابستہ افراد کو دیا جاتا ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ہالی وڈ میں قدم رکھنے والے اوباما کو نیٹ فلیکس کی ایک دستاویزی فلم پر ایمی ایوارڈ دیا گیا ہے۔اوباما نے نیٹ فلیکس پر ’ہمارے عظیم نیشنل پارکس‘ کے نام سے نشر ہونے والی دستاویزی فلم پر ایوارڈ جیتا ہے۔یہ دستاویزی فلم امریکہ میں واقع نیشنل پارکس پر بنی ہوئی ہے جن کی اہمیت اور تفصیلات سے باراک اوباما سامعین کو انتہائی مفصل انداز میں آگاہ کرتے ہیں۔دو مرتبہ صدر رہنے والے اوباما کو اس سے پہلے گرامی ایوارڈ سے نوازا گیا تھا جو دراصل میوزک انڈسٹری سے وابستہ افراد کو بہترین کارکردگی پر دیا جاتا ہے۔باراک اوباما سے پہلے سابق امریکی صدر آئزن ہاور کو سنہ 1956 میں ایمی سے نوازا گیا تھا تاہم یہ اعزازی ایوارڈ تھا۔باراک اوباما سنہ 2017 میں صدارت کے عہدے سے دستبردار ہونے کے بعد اپنی یادداشتوں پر مبنی ایک کتاب بھی شائع کر چکے ہیں جس کو کافی زیادہ پذیرائی ملی ہے۔