حیدرآباد 16 جون (سیاست نیوز) ہائیکورٹ کے ریٹائرڈ جج جسٹس ابھینند کمار شاؤلی اور اُن کے بھائی اشوک کمار شاؤلی تلنگانہ ہائیکورٹ سے رجوع ہوئے اور اُن کی اراضی کو ممنوعہ فہرست میں شامل کرنے سے متعلق فیصلہ کو چیلنج کیا۔ کلکٹر رنگاریڈی نے 6 نومبر 2025ء کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے سابق جج اور اُن کے بھائی کی اراضی کو سرکاری قرار دیتے ہوئے ممنوعہ فہرست میں شامل کیا تھا۔ ریٹائرڈ جج کی سروے نمبر 103/45 کے تحت 3 ایکر 26 گنٹہ جبکہ اُن کے بھائی کی سروے نمبر 103/45E کے تحت ایک ایکر 4 گنٹہ اراضی شمس آباد منڈل میں ہے۔ اُنھوں نے یہ اراضی 1980ء کے دہے میں خریدی تھی اور اُس پر اُن کا قبضہ برقرار ہے۔ پٹہ دار پاس بُک بھی ملکیت کے حق کے ساتھ جاری کی گئی۔ درخواست گذاروں نے کلکٹر کے احکامات کو منسوخ کرتے ہوئے بھو بھارتی قانون کے تحت پٹہ دار پاس بُک جاری کرنے کی درخواست کی۔ جسٹس این وی شراون کمار نے اِس معاملہ کی سماعت کے بعد ہائیکورٹ رجسٹری کو ہدایت دی کہ اِس درخواست کو سماعت کے لئے کسی دوسرے بنچ سے رجوع کریں۔V/1