تازہ ترین سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال
حیدرآباد 6 مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج کانگریس کے سینئر قائد اور سابق وزیر کے جانا ریڈی کی قیامگاہ پہونچ کر ملاقات کی۔ دونوں قائدین کے درمیان تقریباً نصف گھنٹہ سے زائد تک ریاست کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال رہا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ایم ایل سی انتخابات کے نتائج، ایم ایل اے کوٹہ کی 5 نشستوں کے امیدواروں کا انتخاب، پردیش کانگریس کمیٹی کی عاملہ اور سرکاری نامزد عہدوں پر تقررات جیسے اُمور پر دونوں قائدین نے تبادلہ خیال کیا۔ ریاستی کابینہ کے اجلاس سے قبل ریونت ریڈی کا جاناریڈی کی قیامگاہ پہونچ کر ملاقات کرنا پارٹی حلقوں میں موضوع بحث بن چکا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ریونت ریڈی نے جانا ریڈی کو کابینی اجلاس کے ایجنڈہ اور خاص طور پر بی سی طبقات کے تحفظات اور ایس سی زمرہ بندی کے فیصلوں سے واقف کرایا۔ جانا ریڈی نے پارٹی اور حکومت کی کارکردگی بہتر بنانے کے سلسلہ میں چیف منسٹر کو مفید مشوروں سے نوازا۔ 1