سابق چیف جسٹس گوائی کا صدر کو مکتوب، عدالتی تقررات میں جانبداری کا الزام

,

   

پانچ فیصد آبادی والی برادری کو سپریم کورٹ میں 40 فیصد نمائندگی ۔ تقررات کے دوران سب کی شمولیت کے اُصول نظرانداز

نئی دہلی، 27 نومبر (ایجنسیز) سابق چیف جسٹس آف انڈیا بی آر گوائی نے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے کالجیم پر عدالتی تقررات میں ایک مخصوص برادری کو ترجیح دینے کا الزام عائد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ میں تقررات کے دوران میرٹ، تنوع اور شمولیت کے اصولوں کو نظرانداز کیا جارہا ہے اور درج فہرست ذاتوں، قبائل، دیگر پسماندہ طبقات، اقلیتوں اور خواتین کو مناسب نمائندگی نہیں مل رہی ہے۔ گوائی نے اپنے مکتوب میں دعویٰ کیا کہ ملک کی پانچ فیصد سے کم آبادی رکھنے والی ایک برادری کو سپریم کورٹ میں40 فیصد سے زائد نمائندگی حاصل ہے۔ انہوں نے راجیہ سبھا میں مارچ 2025 میں پیش کردہ اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2018 سے اب تک مقرر کردہ 715 ہائی کورٹ ججوں میں صرف 22 درج فہرست ذاتوں، 16 درج فہرست قبائل، 89 دیگر پسماندہ طبقات اور 37 اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ سابق چیف جسٹس نے بعض ہائی کورٹ چیف جسٹسوں کے تبادلوں اور ترقیوں پر بھی سوال اٹھائے اور الزام لگایا کہ بعض فیصلوں میں میرٹ کے بجائے دیگر عوامل کو اہمیت دی گئی۔ انہوں نے دستور کی دفعہ 124 (2) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کالجیم کو حاصل اختیارات اسے جوابدہی سے مستثنیٰ نہیں کرتے۔ انہوں نے صدر جمہوریہ سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے عدلیہ، حکومت اور پارلیمنٹ کو تمام طبقات کی منصفانہ نمائندگی یقینی بنانے کی دستوری ذمہ داری یاد دلائیں۔ اس مکتوب کی نقول وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر قانون ارجن رام میگھوال کو بھی روانہ کی گئی ہیں۔