کھمم کے جلسہ میں شرکت کا امکان
حیدرآباد13 جنوری (سیاست نیوز) اڈیشہ کے سابق چیف منسٹر و سینئر پارلیمنٹیرین گریدھر گمانگ نے آج پرگتی بھون میں چیف منسٹر و بی آر ایس سربراہ کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی۔ گریدھر گمانگ کے ہمراہ ان کے فرزند ششیر گمانگ بھی تھے۔ بی آر ایس کی سرگرمیوں کو ملک بھر میں توسیع دینے کے ضمن میں یہ ملاقات اہمیت کی حامل ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں قائدین نے ملک میں بی جے پی کے متبادل کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا۔ گریدھر گمانگ نے بی آر ایس کے قیام کی تائید کی ہے۔ 18 جنوری کو کھمم میں بی آر ایس کے جلسہ میں شرکت کی گریدھر گمانگ کو دعوت دی گئی۔ چیف منسٹر کے دفتر کے مطابق یہ ملاقات خیرسگالی رہی اور ملک کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ واضح رہے کہ بی آر ایس کے قیام کے بعد پہلا جلسہ عام 18 جنوری کو کھمم میں ہوگا۔ جلسہ کیلئے بڑے پیمانہ پر تیاریوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ چیف منسٹر نے وزیر صحت ہریش راؤ کو جلسہ کے انتظامات کی ذمہ داری دی ۔ جلسہ میں تین چیف منسٹرس اروند کجریوال (دہلی) ، بھگونت سنگھ مان (پنجاب) اور پی وجین (کیرالا) کے علاوہ سابق چیف منسٹر اترپردیش اکھلیش یادو اور دیگر قومی قائدین کی شرکت متوقع ہے۔ر